بجٹ میں کوئی بلیک ہول نہیں ہوگا،ترجمان حکومت بلوچستان

93

کوئٹہ(آن لائن)ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا کہ بجٹ تجاویز ایک کھلی کتاب ہے جس میں ماضی کی طرح کوئی بلیک ہول اور پوشیدہ فنانشل پول نہیں ، مختص وسائل کے ایک ایک روپے کوثابت کیا جاسکتا ہے اور ہم جوابدہی کے لیے تیار ہیں،وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے وژن کے مطابق بدعنوانی کے تمام دروازے بند کر کے وسائل کے ضیاع کو روک دیا گیا ہے ۔انہوں نے بجٹ کے خدو خال بیان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ پر عمل درآمد میں تاخیر کی روایات کو ختم کریں گے، کوئی بھی محکمہ یہ کہہ کر اپنے بنیادی فرائض سے پہلوتہی نہیں کرسکتا کہ اس کے پاس وسائل اور بجٹ کا فقدان تھا ، پہلی بار نجی شعبے میں روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا کیے جارہے ہیں، پنشن بل کا بوجھ کم کرنے کے لیے بھی سرمایہ کاری پر مبنی حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے ، اعلیٰ تعلیم کی بہتری و وسائل کی بلا تعطل فراہمی و شفاف استعمال کے لیے یونیورسٹی مالی کمیشن قائم کردیا گیا ہے ، پرائمری تا مڈل اور مڈل سے ہائی لیول تک طالب علموں کے سالانہ ڈراپ آوٹ شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ، تمام سرکاری اسپتالوں کے لیے پرچیزنگ کے اختیارات ضلعی سطح پر منتقل کیے جارہے ہیں ، جس سے ضلعی افسر صحت جوابدہ ہوگا ،پہلی مربتہ حکومتی اور حزب اختلاف کے اراکین کے حلقوں میں میرٹ پر اجتماعی منصوبوں کے لیے وسائل مختص کیے گئے ہیں۔
ترجمان حکومت بلوچستان