جماعت اسلامی آئی ایم ایف کی غلامی کے خاتمہ کیلیے میدان عمل میں نکل آئی ہے

143

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114کے امیر میاںعبدالستاربیگا،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم اوردیگرنے کہا ہے کہ جماعت اسلامی مہنگائی، بے روزگاری، سود کی لعنت اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خاتمہ کے لیے میدان عمل میں نکل آئی ہے۔ غریب، مظلوم اور بے کس عوام کو بحرانوں سے نکالیں گے۔ چوک گھنٹہ میں ہونے والے عوامی مارچ میں ہزاروںکی تعداد میں فیصل آبادکے شہریوںکی شرکت حکومت کی پالیسیوںسے شدیدنفرت کااظہار تھا۔ رہنمائوں نے کہاکہ 2018 ء کاانتخاب مشکوک اور دھاندلی زدہ ہے۔ تمام جمہوری قوتوں نے تحفظات کے باوجود جمہوری عمل کو جاری رکھنے کو ترجیح دی۔ اسٹیبلشمنٹ کی کھل کر مداخلت پر بھی خاموشی اختیار کی گئی لیکن تبدیلی سرکار عام آدمی کے لیے عذاب، بوجھ اور ذلت بن گئی ہے۔ غریب تو ہر دور میں ہی پستا رہاہے لیکن عمران خان حکومت نے متوسط سفید پوش طبقہ کو بھی بے حال، مایوس اور تباہ کر دیاہے۔ عوام فوجی آمریتوں، بھٹو خاندان اور شریف خاندان کے اقتدار سے مایوس ہوئے اور عمران خان سے بڑی توقعات لگالیں۔ پی ٹی آئی حکومت کا کوئی وژن اور کوئی لائحہ عمل نہیں۔ سیاسی بے وفا اور مانگے ہوئے مسلط کردہ پھٹیچرماہرین نے سب کچھ داؤ پر لگادیاہے۔ قرضے، کرپشن، شر ح سود اور کشکول کے سائز میں اضافہ، پیداوار ی لاگت میں اضافہ، زراعت، صنعت، تجارت کا پہیہ جام کر رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ قومی بجٹ نامنظور اور ناقابل برداشت ہے۔ حکومت ضد چھوڑ ے، بجٹ واپس لے اور خود انحصاری و قومی ترجیحات کا نیا بجٹ بنائے۔