مختصر پر اثر

256

٭ظلم اور ستم ہمارے حکمرانوں کے دو لاڈلے بیٹے ہیں۔ ظلم پرویز مشرف کی صورت لا ل مسجد کے طلبہ اور طالبات پر روا رکھا گیا۔ جس کی پاداش میں پرویز مشرف کے جسم وجاں پگھل رہے ہیں۔ ستم موجودہ حکمرانوں کی صورت لال مسجد کے طلبہ اور طالبات پر روا ررکھا جارہا ہے۔ پرانا المیہ ایک بار پھر جنم لے رہا ہے۔ نئے عذاب موجودہ حکمرانوں کے تعاقب میں ہیں۔ نئے حکمرانو تم بھی اپنی آگ کا حصار منتخب کرلو۔
٭بھوک کی شدت سے وہ بیدار ہوئی ۔آج نواں دن ہے روٹی مجھ تک نہیں پہنچی۔ کرفیو گھر کے صحن میں بھوک کے عذاب بو رہا ہے۔ ہماری پکار نہ آسمان سن رہا ہے، نہ زمین اور نہ ہمارے محافظ جن کی ناراضی نے ہمارے بچوں پر بھوک کے دروازے کھول دیے ہیں۔ نہ آسمانوں پر میری بھوک قرض ہے اور نہ زمین پر۔ میں ان قبائلی علاقوں میں رہتی ہوں جہا ں موت کے چراغ سے چراغ جلتے ہیں۔
٭علم لال مسجد کے طلبہ اور طالبات کی صورت خاموش آنکھوں سے ہمیں دیکھ رہا ہے اور کہہ رہا ہے تمھارے حکمران مجھے ایک بار پھر شکار کررہے ہیں۔ یادرکھو اگر میں محفوظ نہیں رہا تو تم بھی محفوظ نہیں رہوگے۔ جب علم قوموں سے جدا ہوجاتا ہے تو گدائی اور کشکول رزق اور رات قبر تک پیچھا کرتی ہے ۔
٭لاہور میں ایک پان والے کو پانچ دن کی قیدکے خلاف اپیل کے نتیجے میں چھ سال بعد رہائی ملی۔ اس خبر پر چند سطریں:
آنسو ہماری آنکھوں میں آکر جم جاتے ہیں ۔
بے رحم اور سفاک نظام ہمیں اندھے کنویں میں پھینک کر
ہمارے ہاتھوں میں خوابوں کے گلدستے تھما دیتا ہے
ہماری ہر صبح غمگین
اور رات درد میں ڈوبی ہوئی ہے
انصاف کے ایوان ظلم سے اپنا عہد وفا نبھا رہے ہیں
ہمارے معاملے میں قلم
ظلم کے لا متناہی سفر پر نکل گیا ہے
٭مجھے ایک وزیراعظم ملا جو کہہ رہا تھا میرے قرضے بڑے ہیں۔ ناکامی عظیم ہے۔ میرے وعدے خون تھوک رہے ہیں ۔میں سلیکشن کا عذاب جھیل رہا ہوں ۔
٭مجھے پتا چلا پہاڑوں کے درمیان میں ایک وزیراعظم رہتا ہے۔ مجھے اندیشہ ہوا کہیں نشے میں وہ تنہا نہ رہ جائے۔ میں نے اس سے کہا کیا حکومت کا نشہ کافی نہیں ہے ۔اس نے میری طرف دیکھا اور مغموم لہجے میں کہا میں گیارہ مہینے سے ان پر ٹیکس پر ٹیکس لگا رہا ہوں۔ میں نے ان کی ایسی تیسی کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ پھر بھی وہ میرے خلاف سڑکوں پر نہیں نکل رہے ۔احتجاج نہیں کررہے ہیں ۔مجھے شرم آتی ہے میں ایسے لوگوں پر حکمران ہوں جو خاموشی سے ظلم برداشت کرلیتے ہیں ۔
٭’’آج وہ پھر تقریر کررہا ہے ‘‘۔خلیل جبران نے گھبراتے ہوئے ٹیگور سے کہا۔
٭پی ٹی آئی سپورٹرز:
وہ جھوٹی قسمیں کھاتا کتنا حسین لگتا ہے ۔
٭میں ناشتے کے لیے نوٹوں سے بھرا ہوا بیگ لے کر جارہا تھا۔ ایک لٹیرے نے مجھ سے بیگ چھینا اور بھاگ گیا ۔میں اس کے پیچھے دوڑا۔ چور نے بیگ کی زپ کھولی ۔نوٹ پھینکے اور بیگ لے کر بھاگ گیا ۔پی ٹی آئی حکومت میں روپے کا مستقبل ۔
٭میرے پاکستانیو! طالب علمو ں کا ایک وفد لاہور میں علامہ اقبال کی خدمت میں حاضر ہوا۔علامہ بنیان اور تہمد میں چارپائی پر لیٹے ہوئے تھے ۔کمرے میں حقے کے تمباکو کی بو پھیلی ہوئی تھی ۔اس موقع پر علامہ اقبال نے طالب علموں سے کہا ’’پاکستانیو آج میں آپ کو پانچ باتیں بتانے چلا ہوں۔ 1۔ کام، 2۔ کام ، اور3۔ کام‘‘
٭پاکستا نیو میری ایک بات یاد رکھنا ۔سرسید نے کہا تھا :
ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے
نیل کے ساحل سے لے کر تا بہ خاک سنکیانگ
٭ ہماری اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے کی کیا حیثیت رہ جاتی ہے۔ برطانوی پارلیمنٹ میں کہا گیا ہے کہ ہم نے آسیہ مسیح کی رہائی کے لیے 9.32ملین پائونڈ کی فنڈنگ کی ہے ۔
٭رائو انوار اور عزیر بلوچ کو اہل پا کستان کی طرف سے عیدالا ضحی کی خوشیاں پیشگی مبارک۔
٭ایک عرب کے دروازے پر دستک ہوئی ۔ایک شخص بڑی لجاجت سے فریاد کررہا تھا’’میرا ملک دنیا کی بڑی ایٹمی طاقت ہے۔ دنیا کی ساتویں طاقتور ترین فوج رکھتا ہے۔ اس کی آبادی کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ سورہ رحمن میں جن جن نعمتوں کا ذکر ہے وہ سب میرے ملک میں موجود ہیں۔ میں اس ملک کا وزیراعظم ہوں۔ مہربانی کریں مجھے اپنے یہاں ڈرائیور رکھ لیں۔‘‘
٭قومی ایکشن پلان، آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد کی کا میابیوں کا تو پتا نہیں لیکن آپریشن ردوبدل کی کا میابی قوم اپنی آنکھوں سے دیکھ رہی ہے۔ سب ایک دوسرے سے پوچھ رہے ہیں ’’مزہ آیا ‘‘۔
٭ خلا فت دنیا پر حکومت، جمہوریت دنیا کی حکومت، خلافت سرحدوں کی قید سے آزادی، جمہوریت سرحدوں کے پنجرے۔ پنجروں میں پیدا ہونے اور زندگی گزارنے والے کیا جانیں آزاد فضائوں میں سانس لینا کیسا ہوتا ہے ۔
٭ تم نمازیں پڑھو ہم تمہیں مساجد بناکر دیں گے، روزے رکھو ہم وائٹ ہائوس میں افطار کرائیں گے۔ حج عمرے کرو ہم ملٹی نیشنل کمپنیوں سے لکی ڈرا میں تمہارے نام نکلوائیںگے لیکن خبردار جو جمہوریت کے خلاف بات کی، سرمایہ دارانہ نظام کو اسلام سے بدلنے کی کوشش کی ،جہاد کانام لیا، شریعت کے نفاذ کی بات کی ۔یہ ہم برداشت نہیں کریں گے۔ اہل مغرب ۔
٭جب تک دنیا میں عورت موجود ہے انسان بہکتا رہے گا۔ آپ کو بس یہ خیال رکھنا ہے کہ بہکتے وقت آپ کی ویڈیو نہ بن رہی ہو۔
٭ پاکستان کے سیا ست دان میکا ولی کے پیروکار، پاکستان کا معاشی نظام آدم اسمتھ کا سرمایہ دارانہ نظام، پاکستان کا تعلیمی نظام لارڈ میکالے کا مرتب کردہ، پا کستان کا عدالتی نظام 1933 کا گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ۔ پاکستان کا مطلب کیا۔۔۔۔۔۔ خالی جگہ پر کریں۔