حکومت نے بجٹ کی منظوری سے پہلے ہی ضمنی بجٹ دینا شروع کردیا،سینیٹر مشتاق خان

73

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت نے بجٹ کی منظوری سے پہلے ہی ضمنی بجٹ دینا شروع کردیا ہے۔ گیس کی قیمتوں میں 200 فیصد اضافہ، غریب دشمنی اور پاکستان کے متوسط اور غریب طبقے پر خود کش حملہ ہے۔ سونے کی فی تولہ قیمت 80 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ ڈالر بھی 160 روپے سے تجاوز کرگیا ہے۔ حکمرانوں کی ناقص معاشی پالیسیوں نے پوری قوم کو مہنگائی کے سونامی میں دھکیل دیا۔ آئی ایم ایف مارکہ بجٹ اور ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں۔ میثاق معیشت کو حکمرانوں نے مذاق معیشت بنادیا ہے۔ حکومت کے عوام دشمن اقدامات اور معاشی پالیسیوں کی مذمت کرتے اور اسے مسترد کرتے ہیں۔ حکومت ہوش کے ناخن لے اور غریب عوام پر رحم کرے۔ جماعت اسلامی نے مہنگائی کیخلاف غریب عوام کے تحفظ کے لیے تحریک شروع کی ہے۔ عوام مہنگائی مسلط کرنے والی حکومت کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاورسے جاری کیے گئے بیان میں کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں بے پناہ اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی نے ملکی معیشت کو ڈبو دیا ہے۔ ڈالر روزانہ اوپر اور روپیہ نیچے آرہا ہے۔ حکومت نمائشی اقدامات سے عوام کو بے وقوف نہیں بناسکتی۔ حکومت نے معیشت کو آئی ایم ایف کے حوالے کر کے ثابت کردیا ہے کہ ان کے پاس معاشی ترقی کا کوئی منصوبہ نہیں تھا۔ آج تک دنیا کا کوئی ملک آئی ایم ایف کے قرضوں سے خوشحال نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے حکومت کی غریب دشمن معاشی پالیسیوں، ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنے اور مہنگائی کیخلاف احتجاجی تحریک شروع کی ہے۔ عوام جماعت اسلامی کی حکومت مخالف احتجاجی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔