کراچی (اسٹا ف رپورٹر)ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ایک وزارت کے عوض بجٹ پاس کردیاہے، عوام کے مسائل سامنے رکھنے کے بجائے ایک وزارت میں بک گئے اور بچے کچے مینڈیٹ کا سودہ کرلیا ہے،
رواں ہفتے وفاقی اور صوبائی حکومت سمیت ایم کیو ایم پاکستان کی تیسری وزارت لینے کے خلاف مظاہرہ کیا جائے گا،اختر مینگل کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، انہوں نے5ووٹ ڈالنے کے عوض حکومت سے ڈیل کر کے اپنے50 لاپتا افراد بازیاب کروا لئے ہیں،
لیکن ایم کیو ایم پاکستان اپنے لا پتا افرد کو بھول گئے اور عوام کے مسائل سامنے رکھنے کے بجائے ایک وزارت کے عوض بجٹ پاس کردیاہے،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ بہادر آباد والوں کو چاہئے تھا کہ تینوں وزارتوں کو لات مار کر کراچی کے لئے پانی مانگتے لیکن انہوں نے حکومت سے پانی مانگنے کے بجائے یہ لوگ کراچی میں پانی دو کے بینر لگا رہے ہیں اور یہ مطالبہ کس کر رہے ہیں یہ تو خود حکومت کا حصہ ہیں،
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم یہ بتائیں کے انہوں نے کتنا بجٹ کراچی کے لئے مانگ لیا ہے؟اخترمینگل کی سیاست اپنے صوبے کے لئے ہے،اور ایم کیو ایم کی سیاست وزارت اور مفادات کے گرد گھو متی ہے،
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے سخت اقدامات کے بعد پوری قوم شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہے۔آرمی چیف نے ملک کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی بات کی ہے۔امید ہے کہ عوام ان کی تائید کریں گے۔پاکستانی عوامی کو ضمانت چاہیے کہ لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے گی،
انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ پاس کرکے قوم سے کہا گیا ہے کہ کڑوی گولی کو نگل لیا جائے، قوم تو ماضی میں بھی کڑوی گولیاں نگلتی رہی ہے، آج ایک بار پھر نگل لے گی، اپنے پیٹ پر پتھر باندھے گی لیکن پاکستان کے عوام کو ضمانت چاہیے کہ لوٹ کھسوٹ کرنے والوں کا احتساب بھی ہو اور ان سے لوٹی ہوئی دولت واپس وصول کی جائے،
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو اتنے سخت اقدامات کے بعد جہاں پوری قوم شدید ذہنی ازیت میں مبتلا ہے لیکن عوام گارنٹی چاہتی ہے انکا پیسہ صحیح جگہ لگنا چاہیے۔چیف آف آرمی جنرل باجوہ نے بھی آگے آکر ذمہ داری لی ہے کہ ہمیں اب جراتمندانہ اقدام کرنے ہونگے اور بولڈ فیصلے کرنے ہونگے،انہوں نے بھی اس ملک کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے یہ بات کی۔امید ہے عوام انکے ان احکامات کی تائید کریں گے،
فاروق ستار نے کہا کہ مہنگائی نے صرف عوام کی کمر ہی نہیں توڑ رہی زندہ درگور کر دیا ہے۔پاکستان کے عوام کو ضمانت چاہیے کہ لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے گی۔جاگیرداروں کو اس ٹیکس میں استثنیٰ دیا گیا ہے۔بڑے زمین داروں اور وڈیروں پر بھی آمدنی پر ٹیکس لگنا چاہیے،
تنخواہ دار طبقے پر ہی ٹیکس کیوں؟ٹیکس کا تمام بوجھ عام اور غریب آدمی پر ہے، بڑے زمین داروں اور وڈیروں پر بھی آمدنی ٹیکس لگنا چاہیے، مہنگائی صرف عوام کی کمر ہی نہیں توڑ رہی وہ زندہ درگور ہورہے ہیں،
تجارتی اور بجٹ خسارے کے لئے بولڈ فیصلے نہیں کئے گئے ہے،انہوں نے کہا کہ پانی کے مسئلے پر رواں ہفتے کے آخر میں وفاقی اور صوبائی حکومت سمیت ایم کیو ایم پاکستان کی تیسری وزارت لینے کے خلاف بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا،