راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے سابق ایم این اے اور این ایل ایف کے مرکزی چیئرمین حافظ سلمان بٹ کی رہائش گاہ کے باہر گزشتہ رات کو ہونے والی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے غنڈہ عناصر کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے بیان میں شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں حافظ سلمان بٹ کے گھر کے باہر فائرنگ مقامی انتظامیہ اور پنجاب حکومت کی نااہلی اور غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ چوروں، ڈاکوئوں اور غنڈہ عناصر کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔ اس طرح کے واقعات سے عوام میں حکومت اور انتظامیہ کیخلاف سخت غم و غصہ اور عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمے داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ انتظامیہ کا یہ فرض ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے اور اس سلسلے میں ضروری اقدامات اُٹھائے۔ شمس الرحمن سواتی نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حافظ سلمان بٹ کے گھر پر فائرنگ کرنے والے افراد کو گرفتار کرے اور واقعے کے پیچھے چھپے عناصر کو بے نقاب کرے۔ بصورت دیگر نیشنل لیبر فیڈریشن ملک بھر میں احتجاج کی کال دے گی۔