حکومت بے حسی اور ہٹ دھرمی کی تمام حدیں پھلانگ چکی ہے

75

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115کے امیر میاںاجمل حسین بدر ایڈووکیٹ ،جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکمرانوں کے دل پتھر سے بھی زیادہ سخت ہیں، عا م آدمی کی حالت انتہائی قابل رحم ہے، کوئی غریب کی بات سننے کو تیار نہیں۔ حکومت بے حسی اور ہٹ دھرمی کی تمام حدیں پھلانگ چکی ہے۔ لوگ مہنگائی کے ہاتھوں فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں۔ بجلی گیس اور تیل کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ سے غریب اور متوسط طبقہ بری طرح متاثر ہواہے۔ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے لوگوں کو عام آدمی کے مسائل کا ادراک ہی نہیں۔ یہ عوام کو کیڑے مکوڑے اور خود کو کسی دوسرے سیارے کی مخلوق سمجھتے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، گھر کے کرائے جیسے مسائل سے انہیں کبھی پالا نہیں پڑا۔ ان لوگو ں نے کبھی بھوک اور پیاس دیکھی ہے نہ انہیں موسم کی شدت کا احساس ہواہے۔ علاج اور تعلیم کی سہولتوں سے محرومی اور انصاف کی عدم فراہمی جیسے مسائل عوام کے ہیں حکمرانوں کے نہیں۔ حکمران اپنی ذات کے عشق میں مبتلا ہیں۔ ہر کوئی خدا بننے کی ناکام کوشش کر رہاہے۔ چند روزہ زندگی کوبھی وہ فرعون کی طرح گزارنا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت ملک بہت مشکل حالات سے دوچار ہے۔ حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ہر فرد پریشان ہے۔ لوگوں کے چہرے زرد پڑ گئے ہیں۔ عام پاکستانی فکرمند ہے کہ ملک کا کیا ہوگا۔ حکمران ذاتی مفادات کے اسیر ہیں اور انہیں ملکی مسائل اور عوام کی پریشانیوں سے کوئی غرض نہیں۔ بجٹ پاس ہوگیا، حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کیا۔ ملک کو موجودہ حالات سے نجات دلانے کے لیے بہت بڑی عوامی تحریک کی ضرورت ہے جو جماعت اسلامی نے ملک بھر میں شروع کررکھی ہے۔ملکی مسائل کا حل صرف نظام مصطفی کے نفاذ میں ہے۔ انہوںنے کہاکہ اللہ کے نظام سے بے اعتنائی حکمرانوں کا وطیرہ بن چکاہے جس کی سزا پوری قوم کو بھگتنا پڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا و آخرت میں کامیابی کی ایک ہی چابی ہے اور وہ اللہ کا عطا کردہ نظام ہے۔ جب تک حکمران اللہ کے نظام سے بغاوت کا رویہ نہیں چھوڑتے، ملک مسائل کی دلدل سے نہیں نکل سکتا۔ انہوں نے کہاکہ عام آدمی کو اپنے مسائل کے حل کے لیے ایک وسیع تر اسلامی انقلاب کے لیے اٹھنا ہوگا۔