راولپنڈی کا عوامی مارچ سیاسی صورتحال کا رُخ تبدیل کر دے گا

148

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی کے جنرل سیکرٹری اقبال احمد خان نے کہا ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری، آئی ایم ایف کی غلامی اور بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کیخلاف 19 جولائی کو راولپنڈی میں عوامی مارچ ہوگا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کریں گے۔ مارچ 4 بجے سہ پہر لیاقت باغ سے فوارہ چوک تک ہوگا جس میں مردوں کے علاوہ خواتین اور بچے بھی شریک ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سید مودودی ؒ بلڈنگ میں 19 جولائی کے عوامی مارچ کی تیاریوں اور انتظامات کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی، راجا محمد جواد، سید عزیر حامد، امجد حسین شاہ اور دیگر عہدیداروں نے بھی اظہار خیال کیا۔ اقبال احمد خان نے کہا ہے کہ راولپنڈی کا عوامی مارچ ملک سیاسی صورتحال کا رُخ تبدیل کر دے گا۔ لوگوں نے پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کو بار بار مینڈیٹ دے کر دیکھ لیا ہے۔ موجودہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی پالیسیوں کے نتیجے میں لوگوں میں مایوسی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کی حکومت نے معاشی حالات کو درست نہ کیا تو عوام کو آنے والے دنوں میں مزید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ عوام سب پارٹیوں کو دیکھ اور بھگت چکے ہیں اب ان کے لیے صرف اور صرف جماعت اسلامی کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے۔ دیانتدار اور اہل قیادت ہی ملک و قوم کو موجودہ گمبھیر مسائل سے نکال سکتی ہے۔ خطہ پوٹھوار کے غیور اور اسلام پسند عوام باہر آئیں اور سراج الحق کے دست و بازو بنیں۔