سری نگر ، مظفر آباد(کے پی آئی) کنٹرول لائن کے دونوں طرف آج نوجوان کشمیری حریت پسند رہنمابرہان مظفر وانی شہیدکا یوم شہادت منایا جائے گا۔ برہان مظفر وانی کے یوم شہادت پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی، شہدا کی یاد میں تقریبات اور ریلیاں نکا لی جائیں گی جبکہ آزاد کشمیر میں جلسے جلوس اور مظاہرے ہوں گے ۔ مقبوضہ کشمیر کے ترال قصبے کی طرف مارچ کیا جائے گا۔ برہان مظفر وانی کے یوم شہادت پر مقبوضہ کشمیر میں بینرز اور پوسٹرز لگا دیے گئے ہیں ان پوسٹرز میں قربانیوں کی حفاظت کا عزم کیا گیا ہے۔ قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں کو یوم شہادت منانے سے روکنے کے لیے پابندیاں عاید کر دی ہیں
مختلف مقامات پر فورسز کے اضافی دستے تعینات کر دیے گئے ہیں۔ حریت رہنمائوں کی پکڑ دھکڑ شروع ہو گئی ہے۔حریت کانفرنس کے رہنما خان سوپوری کو گرفتار کر لیا گیا۔ یاد رہے کہ قابض فوج نے حزب المجاہدین کے نوجوان کمانڈر برہان مظفر وانی کو 8جولائی 2016ء کو ضلع اسلام آباد کے علاقے ککر ناگ میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیا تھا۔مقبوضہ کشمیر میں مشترکہ حریت قیادت نے ممتاز نوجوان رہنما برہان وانی ان کے ساتھیوں اور 2016ء کی احتجاجی تحریک کے دیگر شہدا کی یاد میں آج مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔ مشترکہ حریت قیادت نے سری نگر سے جاری ایک بیان میں کشمیری شہدا خاص طور پر برہان وانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے اور عوام سے ہڑتال کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔حریت قیادت نے عوا م سے مزار شہدا جاکر شہید برہان مظفر وانی اور جملہ شہدا کشمیر کے حق میں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دُعائوں کے اہتمام کی اپیل بھی کی ہے۔