نااہل حکومت کی ساری توجہ قرضوں کے حصول میں مرکوز ہے،عظیم رندھاوا

107

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر انجینئر عظیم رندھاوا نے تاجروں اور صنعت کاروں کی ہڑتال کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران حکومت کو چاہیے تھا کہ اپنے دعوئوں کے مطابق وہ کاروبار کے مواقع پیدا کرتی، بے روزگاری کا خاتمہ کرتی، چھوٹی صنعتیں اور کارخانے لگاتی تاکہ لوگ کام کرکے اپنا پیٹ پالتے اور حکومت کو ٹیکس بھی دیتے لیکن حکومت لوگوں کے کاروبار بند کرکے ان سے ٹیکس مانگ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا میں حکومتیں سال میں ایک بجٹ دیتی ہیں جبکہ پاکستان میں پی ٹی آئی کی حکومت روزانہ ایک نئے بجٹ کا اعلان کردیتی ہے۔ مہنگائی کا طوفان برپا کر کے حکومت غریب کے جسم سے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑ لینے پر تلی ہوئی ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو نہ پایا گیا تو ملک میں بدامنی کی فضا پیدا ہوجائے گی اور پھر لوگ زندہ رہنے کے لیے کچھ بھی کرنے پر تل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ساری توجہ ملکی وسائل اور پیداورار سے آمدنی بڑھانے، باہر سے سرمایہ کاری لانے اور معیشت کو حقیقی طور پر مستحکم کرنے کے بجائے قرضوں کے حصول تک مرکوز ہو کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت 20 کروڑ عوام ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے۔ ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر عوام کی تقدیر کے فیصلے کرنے والوں کو معلوم ہی نہیں کہ قوم پر کیا گزر رہی ہے۔ بے روزگاری اور غربت نے مزدور طبقے کو فاقہ کشی اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو جرائم کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم نے غریب کو تعلیم، صحت، روزگار اور چھت سے محروم رکھا ہے جبکہ حکمران ٹولہ قومی دولت سے عیش و عشرت کررہا ہے۔