حکومت نے ملک کا معاشی نظام تباہ وبربادکردیاہے،عمرفاروق

63

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر،جنرل سیکرٹری راشدمحمود،سلطان ڈوگر،محمدزید،عمران عبداللہ،سلیم انصاری اوردیگرنے 13 جولائی کو تاجران کی ملک گیر شٹرڈائون ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک کا معاشی نظام تباہ وبربادکردیاہے، حکومت زمین پر اور ڈالر آسمان پر ہے۔معاشی نظام کو آئی ایم ایف کے کلرکوں اور پٹواریوں کے ہاتھ میں دے دیا گیا ہے۔ایمنسٹی سکیم بھی کرپٹ اشرافیہ کیلیے ہے۔ ڈالر کو ہیروں کا تاج پہنانے اور روپے کی قدر کو خاک میں ملانے والے کسی طرح بھی ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔پاکستانی روپے کی قدر جنوبی ایشیاء میں سب سے کم ہوگئی ہے،کئی دہائیوں سے جنگ میں مبتلا افغانستان کی افغانی اور بنگادیشی ٹکا بھی اب پاکستانی روپے کے سامنے اکڑ کر چلتے ہیں۔ پاکستانی روپے کی قدر ’’ٹکے‘‘کے برابر نہیں رہی بلکہ مالدیپ کی کرنسی سے بھی نیچے کی سطح پر پہنچ گئی ہے اور حکمران بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بھی اب عام لوگوں کی طرح اخبارپڑھ کراور ٹی وی دیکھ کر روپے کی قدر معلوم کرتی ہے ،انہوں نے کہا کہ اتنی بے قدری اور بے توقیر ی کے بعد روپیہ بھی سوچ رہا ہے کہ وہ کن دشمنوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے۔ضلعی صدر نے کہاکہ اگرحقیقی معنوں میں احتساب ہوتا تو اب تک پاناما لیکس کے 436ملزم آزاد نہ پھر رہے ہوتے ۔ انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم کی آڑ میں جس طرح سابقہ حکومتیں ناجائز دولت بنانے والوں کے کالے دھن کو سفید کرتی اور مجرموں کو ریلیف دیتی رہی ہیں اسی طرح موجودہ حکمران جو بے لاگ اور کڑے احتساب کے نام پر اقتدار میں آئے تھے کرپٹ بدیانت اور قومی امانتوں میں خیانت کرنے والوں کو ریلیف دے رہے ہیں۔