موجودہ حکومت گزشتہ چار حکومتوں کا ملغوبہ ہے،سینیٹر مشتاق خان

89

پشاور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت گزشتہ چار حکومتوں کا ملغوبہ ہے، اس میں پرویز مشرف ، ق لیگ، پیپلز پارٹی اور نواز شریف حکومت کے وزرا شامل ہیں، انہی گزشتہ حکومتوں کی پالیسیاں چلائی جارہی ہیں۔حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ نالائقوں اور نااہلوں کی انجمن مسند اقتدار پر براجمان ہے۔ موجودہ حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے۔نااہل حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے مستقبل قریب میں بھی معیشت کی بہتری کے کوئی امکانات نہیں۔ تاجروں کی ہڑتال حکومت سے نفرت اور غصے کا اظہار تھی۔ تاجروں کے ہڑتال کی حمایت کرتے ہیں۔ احتساب کے نعرے کو یکطرفہ احتساب کے ذریعے انتقام کی بھینٹ چڑھا دیا گیا اور احتساب کے ادارے کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا گیا۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے نوجوانوں کو دھوکا دیا ہے۔ بجٹ میں نوجوانوں کے لیے کچھ نہیں رکھا گیا، تعلیم مہنگی کردی گئی۔ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے بجائے ان سے روزگار چھینا جارہا ہے۔ جے آئی یوتھ اسلامی تحریک کا ہر اول دستہ ہے۔ جے آئی یوتھ پاکستان کے نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے۔ جے آئی یوتھ حکومت کی نوجوان دشمن پالیسیوںکو مسترد کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں جے آئی یوتھ خیبر پختونخوا کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع، جے آئی یوتھ کے مرکزی صدر زبیر گوندل اور صوبائی صدر صدیق الرحمن پراچہ سمیت جے آئی یوتھ کے اضلاع کے صدور و جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ موجودہ حکومت گزشتہ چار حکومتوں کا تسلسل ہے گزشتہ حکومتوں میں رہنے والے وزرا اور پالیسیاں گزشتہ حکومتوں کا تسلسل ہے دین سے دشمنی،عوام پر ٹیکس اور ایمنسٹی اسکیم گزشتہ کرپٹ حکومتوں کا تسلسل ہے۔ موجودہ حکومت میں بھی دین اور دینی شعائر کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔ عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسا جارہا ہے اور ان پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جے آئی یوتھ کے کارکنان بلدیاتی انتخابات کے لیے بھرپور تیاریاں کریں۔ محلوں، گھروں، گلیوں اور کھیل کے میدانوں میں جا کر لوگوں تک جماعت اسلامی کی دعوت پہنچائیں ۔ جے آئی یوتھ ظالم کے خلاف مظلوموں کی ساتھی ہے۔ مظلوم اور پسے ہوئے طبقے کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔