حکومت اپنے انتخابی وعدوں اور دعووں سے پھر گئی ہے،سید عارف شیرازی

87

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت اپنے انتخابی وعدوں اور دعووں سے پھر گئی ہے۔مہنگائی کے سونامی نے عوام کی اُمیدوں پرپانی پھیر دیا ہے۔حکومتی وزرا ایشوز سے توجہ ہٹانے کے لیے نان ایشوز کو اُچھال رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودی ؒ بلڈنگ میں 19 جولائی کے عوامی مارچ کے حوالے سے علما کرام کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس میں جمعیت اتحاد العلما پاکستان کے سینئر نائب صدر مولانا عبدالجلیل نقشبندی ٗ ضلعی جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد ٗمولانا عبدالرحیم بابر ٗ مفتی خالد عمران خالد اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ 19 جولائی کو راولپنڈی میں مہنگائی ٗ بے روزگاری ٗآئی ایم ایف کی غلامی ٗ قادیانیوں کی سرپرستی ٗ عوام دشمن بجٹ اور کرپٹ ٹولے کی سرپرستی کے خلاف عوامی مارچ ہوگا۔ جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کریں گے۔ اس عوامی مارچ میں مردوں کے علاوہ خواتین اور بچے بھی شریک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر اور کینٹ سے آنے والے تمام قافلے 4 بجے تک لیاقت باغ چوک میں قائم کردہ استقبالیہ کیمپ کے قریب اکٹھے ہوں گے۔بعد ازاں لیاقت باغ سے براستہ لیاقت روڈ فوارہ چوک تک مارچ ہوگا۔جہاں سراج الحق اور دوسرے قائدین خطاب کریں گے۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ 19 جولائی کا عوامی مارچ عوام کے حقوق کی ترجمانی کرے گا۔ مارچ کی تیاریاں اور انتظامات بھرپور انداز میں جاری ہیں ۔