جماعت اسلامی یوتھ ونگ کو پورے ضلع میں متحرک کررہے ہیں

114

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر،جنرل سیکرٹری راشد محمود،سلطان ڈوگر،محمدزید،عمران عبداللہ،سلیم انصاری اور دیگرنے کہا ہے کہ جماعت اسلامی یوتھ ونگ کو پورے ضلع میں متحرک کررہے ہیں اور یہی نوجوان ہمارے پیغام کو آگے بڑھائیںگے۔ موجودہ حکمرانوں نے نوجوانوں کے نام کو استعمال تو کیا مگر انہی حکمرانوں نے ملک کے 65فیصد نوجوانوں کو شدید مایوس بھی کیا ہے۔ نوجوانوںکو منظم کرکے ہراول دستہ بنائیں گے جو پاکستان میں حقیقی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔چودھری عمرفاروق گجرنے کہا کہ سراج الحق کی قیادت میں نوجوان اس ملک میں کرپشن کا خاتمہ کرکے اسلامی نظام کی راہ ہموار کریںگے۔ احتساب اور کرپشن فری پاکستان کا نعرہ سب سے پہلے جماعت اسلامی نے دیا ۔ قاضی حسین احمد سے لے کر سراج الحق تک ہماری قیادت پاکستان کو کرپٹ عناصر کے چنگل سے چھڑا کر حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد میں ہے۔ پانامہ پیپرز کے بعد سراج الحق سب سے پہلے عدالت عظمیٰ پہنچے۔ موجودہ حکمرانوں نے بھی یہی نعرہ لگایا تھا مگر اسے متنازعہ بنادیا گیا ہے۔جب تک احتساب بلا تفریق نہ ہو اور فیصلوں میں میرٹ نظر نہ آئے اس وقت تک ملک میں خدشات برقرار رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا موقف یہ ہے کہ جو بھی کرپٹ ہیں ان سب کا احتساب ہونا چاہیے۔ موجودہ حکمرانوں نے اپنی بے تدبیری کے نتیجے میں احتساب کے نعرے کو بے وقعت بنادیا ہے۔ جس طرح کے ویڈیو سکینڈلز سامنے آرہے ہیں اس نے حکمرانوں کے احتساب کے عمل کو مشکوک بنادیا ہے۔ آج ملک جس نہج پر ہے اس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کی حکومتوں کا برابر کا حصہ ہے۔ پی ٹی آئی حکومت بھی ایک سال کے اندر اندر اپنے دعوئوں اور وعدوں کی عدم تکمیل اور آئی ایم ایف کے معاشی ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر عوام کے سامنے ایکسپوز ہوگئی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت بھی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ہی تسلسل ہے۔