قانون کی بالادستی کے بغیر معاشرے سے کرپشن کو ختم نہیں کیا جا سکتا

120

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 117کااجتماع جامع مسجداتحاداسلامی طارق ٹائون میں زونل امیر عمران رشیدکی زیرصدارت ہوا۔ اجتماع میں ضلعی نائب امیر راناعدنان خاں،جنرل سیکرٹری رانا محمد اقرار ، نائب امیر محمدسلیم انصاری، میاں محمدارشد، چودھری عبدالغفور،صدرجے آئی علما مشائخ ونگ ریاض احمدسعدی اوردیگرنے خطاب کیا۔رہنمائوں نے کہاکہ آئین اور قانون کی بالادستی کے بغیر معاشرے سے کرپشن، بدعنوانی اور جرائم کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے ضروری ہے کہ انصاف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ تعلیم اور ملازمتوں کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ قانون کی بالادستی اس وقت تک قائم نہیں ہو سکتی جب تک اسے کسی بھی ذات اور تعصب کے بغیر برابری کی بنیاد پر رائج نہیں کیا جاتا۔ دہرے معیار نے ہمیں ترقی یافتہ ممالک کی صف سے بہت دور کر دیا ہے جبکہ تک دوہرے معیار کا کلچر رہے گا قوم پسماندگی اور غربت کی چکی میں پستی رہے گی۔ رہنمائوںنے مزید کہا کہ بے لاگ احتساب کا مطلب کسی کیلیے خاص امتیاز و تفریق نہ ہو جو قانون عام آدمی کیلیے وہی وزیر اعظم، جج، وکیل، جنرل، کرنل سب کیلیے ایک ہو اور جو آئین سرمایہ دار کیلئے ہے‘ وہی ایک مزدور محنت کش کیلیے برابری کی بنیاد پر لاگو ہو یہ مدینہ کی ریاست کے آئین و قانون کا تقاضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست بنانے کے دعوے اور وعدے کرنے والے حکمرانوں سے قوم سوال کرتی ہے کہ کب اسلامی نظام کے تحت امیر اور غریب کو انسانی بنیادی حقوق کی فراہمی ہو گی؟ موجودہ حالات میں تو حکومت نے غریب سے دو وقت کی روٹی چھین لی ہے، مہنگائی اور غربت نے لوگوں کا جنیا دوبھر کردیا ہے لوگوں فاقوں اور خود کشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ریاست کے قیام کیلیے ملک میں اللہ اور رسول سے محبت کرنے قیادت کی ضرورت ہے مغربی اور استعماری قوتوں کے زیر سایہ حکمران مدینہ کی ریاست کا نعرہ لگا کر ملک وقوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔