پی ٹی آئی نے ایک سال کے عرصے میں ہی عوام کو سخت مایوس کیا

124

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی، جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد، نائب اُمراء شیخ مسعود احمد، چودھری سرفراز احمد، ضیا اللہ چوہان، چودھری منیر احمد، ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد طارق رضا، جاوید اختر، چودھری ظفر یاسین، راجا ممتاز حسین، ملک عبدالعزیز، ملک عمران اور سیکرٹری اطلاعات ملک محمد اعظم نے عوامی مارچ کی شاندار کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے تمام قائدین، ارکان وکارکنان اور شرکاء کا دلی شکریہ ادا کیا ہے۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں جماعت اسلامی کے ضلعی عہدیداران نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی نااہل اور نا تجربہ کار حکومت نے ایک سال کے عرصے میں ہی عوام کو سخت مایوس کیا ہے۔ عمران خان نے پورے ملک کے عوام خاص طور پر نوجوانوں کو جو خواب دکھائے وہ چکنا چور ہوتے جارہے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور ٹیکسوںکی بمباری نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے۔ آئے دن بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ راولپنڈی کے عوام نے جس والہانہ انداز میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا استقبال کیا اور جم کر ان کے خطاب کو سُنا یہ ان کی پی ٹی آئی کی حکومت سے مایوسی اور نفرت کا کُھلا اظہار تھا۔ عوام سب کو دیکھ اور بھگت چکے ہیں، اب پاکستان کے مسائل کا حل جماعت اسلامی کے سوا کوئی اور نہیں ہے۔ اہل اور دیانتدار قیادت ہی ملک و قوم کو درپیش گمبھیر مسائل سے نکال سکتی ہے۔