تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی،عنایت اللہ خان

67

پشاور (وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا و ممبرصوبائی اسمبلی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی قبائلی اضلاع میں ایک بڑی سیاسی قوت کے طور پر سامنے آئی ہے۔ قبائلی عوام کا جماعت اسلامی پر اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ خدمت کا سلسلہ رکنے نہیں دیں گے اور پہلے سے زیادہ خدمت کریں گے۔ پی ٹی آئی حکومت نے مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کے لیے بڑے بڑے دعوے کیے مگر افسوس ایک بھی پورا نہیں ہوا۔ ملک میں غربت، مہنگائی اور بے روزگاری بڑھتی جارہی ہے۔ غریب اور مزدور طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کی طرح عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے بلکہ عوام کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام چاہتی ہے جس میں یتیموں، بیوائوں، ضرورت مندوں اور بے سہارا لوگوں کی کفالت حکومت خود کرے۔ عوام کے لیے تعلیم کا حصول آسان ہو اور مظلوموں کو انصاف ان کی دہلیز پر ملے۔ معیشت اور بینکاری کا نظام سود سے پاک ہو۔ خدمت خلق کرنا اور ملک کو حقیقی معنوں میں مدینہ منورہ جیسی اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہمارا ایجنڈا ہے۔ وہ جماعت اسلامی خیبرایجنسی کے امیر شاہ فیصل آفریدی کی قیادت میں وفد سے بات چیت کررہے تھے۔ عنایت اللہ خان نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع میں قبائلی عوام کو درپیش مسائل بھی بے شمار ہیں۔ عوام کو صاف پانی، خالص اشیا، صحت کی بنیادی سہولت، تعلیم کے حصول، لاقانونیت، عوام کو عدم تحفظ اور اس طرح کے ان گنت مسائل ہیں جن سے نبرد آزما ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا خوشنما نعرہ لگانے ولوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے۔ اشیا خورونوش کی خریداری عوامی قوت برداشت سے باہر ہوچکی ہے۔ حکمرانوں کے پاس کوئی عوامی ایجنڈا نہیں ہے۔ اس لیے قبائلی عوام نے بری طرح پی ٹی آئی کو مسترد کردیا۔