اپوزیشن جماعتوں کایوم سیاہ ناکام ثابت ہوا ،حاجی محمد خان

75

لورالائی(این این ائی) بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی رہنما صوبائی وزیر صنعت و حرفت حاجی محمد خان طور اتمان خیل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام اب باشعور ہیں قومیت اور اسلام کے ناموں پر اب انہیں بے وقوف ہر گز نہیں بنایا جاسکتا اپوزیشن جماعتوں کا یوم سیاہ کوئٹہ سمیت پورے ملک میں بری طرع ناکامی سے دو چار ہو گیا اس طرح کے شو سے اپوزیشن جماعتیں اپنی کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کرنے کی کوشش ضرور کریگی لیکن اس میں انہیں کامیابی حاصل نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ باپ پارٹی اور تحریک انصاف اب ملکر ان جماعتوں کے مافیا سے طویل جنگ کیلیے ہر سطح پر لڑائی لڑیں گے اور آئین اورجمہوریت پرعوام کو دوبارہ لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مڈ ٹرم الیکشن کی بات صرف گزشتہ عام الیکشن میں شکست خوردہ جماعتیں کر رہی ہیں غیر ائینی مطالبات کی عوام میں کوئی پذیرائی انہیں نہیں مل رہی ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تاریخی عوامی بجٹ پاس کرکے اس پر فوری عمل درآمد بھی شروع کر دیا ہے، لورالائی کے اہم اجتماعی مسائل کو حل کرنے پر بھر پور توجہ دی جائے گی، اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں سے عوام کی تقدیر بد ل دوںگا ۔ انہوں نے کہا کہ میں زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتا ہوں میں خدا کے بعد اپنے عوام کو جوابدہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ لورالائی شہر میں پانی کی فراہمی کا مسئلہ حل کر کے الیکشن میں جو وعدہ کیا تھا وہ آج پورا کر دیا آج عوام اور تاجر پانی حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈی پی میں لورالائی کے عوام کو تعلیم صحت مواصلات آبنوشی زراعت کے شعبوں کو بڑی اہمیت دی گئی ہے منصوبوں کی تکمیل سے لورالائی ترقی کے ایک نئے شاہراہ پر گامزن ہو جائے گا۔