حکومت کی گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکے کی ضرورت ہے، فضل الرحمن

75

کوئٹہ(خبر ایجنسیاں) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ کھوکھلی حکومت کو مزید سہارا نہیں دینا چاہیے، حکومت کی گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکے کی ضرورت ہے۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جس امریکا سے جان چھڑانا چاہتے ہیں اس کی غلامی کا سفر شروع ہو چکا اور حکومت غلامی کے دور کو کامیاب سمجھ رہی ہے۔ ملکی معیشت تباہ ہوگئی ہے، مہنگا ئی آسمان کو چھو رہی ہے، گھر بنانے کے بجائے گرائے جارہے ہیں۔ ملک میں احتساب نہیں بلکہ سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ تبدیلی آگئی ہے۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہم پاکستان کی خود مختاری، نظریاتی شناخت اور حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، عام آدمی کے ساتھ کھڑے ہیں ان کی آواز بن رہے ہیں، ہم وہ بات کرتے ہیں جو ملک کا آئین کہتا ہے، ملک کا آئین کہتا ہے ختم نبوت کا منکر اسلام سے خارج ہے۔ مذہب اور مذہبی ایشوز آئین کا حصہ ہیں، ہم اسکی بقا کیلیے جدوجہد کریں گے۔ جعلی حکومت کو اس کے انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں، یہ کھوکھلی حکومت ہے اسے مزید سہارا نہیں دینا چاہیے، حکومت کی گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکے کی ضرورت ہے، ہم ایک تحریک کی طرف جارہے ہیں اپوزیشن متحد ہے۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے سینیٹ چیئرمین کے امیدوار حاصل بزنجو بھی بلوچستان کے ہی ہیں، سینیٹ چیئرمین جیسے فیصلے پارٹی بنیاد پر ہوتے ہیں۔ سینیٹ چیئرمین کا معاملہ علاقائی سیاست کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔