بہادرفوجی جوان قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں ،انجینئر عظیم رندھاوا

49

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرانجینئر عظیم رندھاوا نے شمالی وزیر ستان اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں کیپٹن سمیت 10جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے بہادر جوان قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں ، بھارت اپنی اوچھی حرکتوں سے ہماری بہادر افواج اور قوم سے جذبہ شہادت نہیں چھین سکتا،دہشتگردانہ کارروائیوں کے ذریعے نشانہ بنانے سے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے ۔ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا ہے ، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ، اسرائیل اور امریکا پاکستان کو عدم ستحکام سے دوچا ر کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے معصوم اور بے گناہ افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنارہے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ اس گٹھ جوڑ کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔ دشمن قوتیں پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز بھارتی حکمرانوں کی طرف سے پاکستان بارے منفی خیالات اور دھمکی آمیز رویہ سامنے آتا رہتا ہے۔بھارت پاکستان کے حوالے سے نفرت کی تمام حدود پار کرچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت نازک صورتحال سے دوچار ہے۔ دشمن خطے میں اجارہ داری کا خواب دیکھ رہا ہے۔ اس کا یہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ حکومت پاکستان بھارت کے اصل چہرے کو سب کے سامنے لائے۔