نارتھ ناظم آباد میںکرنٹ لگنے سے جاںبحق 2دوست سپردخاک

71

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نارتھ ناظم آباد میں کے الیکٹرک کی غفلت اور نااہلی کا شکار دونوں بچوں احمد اور عابد کو آہوں و سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں دو دن کی بارش کے دوران کراچی سے ماہانہ اربوںروپے کمانے والی کے الیکٹرک کی غفلت ،بوسیدہ نظام اورنااہلی نے 20 افراد کی جان لے لی،جن میں نارتھ ناظم آباد کے دو دوست 12 سالہ احمداور 14 سالہ دوست عابد بھی شامل تھے دونوں دوستوں کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔بچوں کی نماز جنازہ میں اہل محلہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا تاہم مقتول بچوں کے والدین نے کہاکہ وہ مقدمہ درج کرانے کی کوشش جاری رکھیںگے ، اگر ہم نے خاموشی اختیار کی تو کل خدانخواستہ کسی اور کا لخت جگر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے گا۔ادھرایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ اس نے بچوں کو دیکھا وہ سائیکل چلا رہے تھے کہ اچانک ایک بچہ بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے کے سبب جاں بحق ہوا۔ اس کا دوست اسے بچانے لگا تو وہ بھی کرنٹ لگ کر جاں بحق ہوگیا۔