25 اگست کا عوامی مارچ قادیانیت کیخلاف بند ثابت ہوگا

102

پشاور(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی پشاور کے امیر عتیق الرحمن نے پی کے 69کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 25 اگست کا عوامی مارچ قادیانیت اور مہنگائی کے خلاف بند ثابت ہوگا۔ عوام بڑے پیمانے پر اس عوامی مارچ میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت عالمی دبائوں کے تحت پالیسیاں ترتیب دے رہی ہے جس کی وجہ سے عوامی اضطراب میں اضافہ ہورہا ہے ۔ قادیانی لابی کی فعالیت میں اضافے اور موجودہ حکمرانوں کی معنی خیز خاموشی نے بہت سارے سوالات جنم دیے ہیں جن کا جواب حکمرانوں کو دینا ہوگا۔ دوسری طرف گورنراسٹیٹ بینک اعلان کررہے ہیں کہ اگست میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ موجودہ حکمران مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں ۔ سابقہ حکمرانوں کے لوٹ گھسوٹ کو ثابت کرکے ان سے پیسہ واپس لینے کے بجائے موجودہ حکمران سارہ دبائو عوام کی طرف منتقل کررہے ہیں جوکہ سراسر ظلم ہے ۔ آئی ایم ایف کی پالیسیاں پاکستان کے اس کے عوام کے لیے نہیں بنتی بلکہ وہ آئی ایم ایف کے فائدے کے لیے بنتی ہیں۔ اس لیے آئی ایم ایف کے ڈکٹیشن پر چلنے کے بجائے پاکستان اور عوام کے لیے سوچنا وقت کی ضرورت ہے تعیش والی اشیا پر ٹیکس لگانا درست ہے لیکن عوام کے روزمرہ استعمال والی اشیا مثلاً آٹا ، غلہ ، خوراک کا سامان ، دوائی اور ٹرانسپورٹ سے متعلق ٹیکسوں میں بے جا اضافہ کرنے کے بجائے حکومت کو اپنے اضافی اور پرآسائش اخراجات کم کرنے کی فکر کرنی چاہیے ۔ موجودہ حالات اس بات کا تقاضہ کرتے ہیں کہ پاکستانی عوام کی درد کو محسوس کیا جائے ۔25اگست عوامی مارچ قادیانیت اور مہنگائی کے آگے بند ثابت ہوگاجس میں پشاور بھر کے ہزاروں لوگ شریک ہوںگے۔