حکومت عوام پر مسلسل مہنگائی کے بم برسارہی ہے ،شمس الرحمن سواتی

54

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی ) نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو ظالمانہ اور عوام دشمن فیصلہ قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر عوامی مفاد میں واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد عوام پر مسلسل مہنگائی کے بم برسائے جا رہے ہیں ۔بجٹ میں بے تحاشا ٹیکس لگانے پر بھی حکومت کی تسلی نہیں ہوئی اور وہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن کے مطابق بجلی ٗ گیس اور پیٹرولیم مصنوعات سمیت روز مرہ استعمال کی دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافے پر اضافہ کرتی چلی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے سب سے زیادہ مزدور طبقہ متاثر ہوتا ہے۔ حکمران ٹولے کو عوام کی مشکلات اور مسائل کا کوئی ادراک نہیں ہے۔آئی ایم ایف کی خوشنودی اورقرضے کی قسطوں کی ادائیگی کے لیے عوام کی چیخیں نکالی جا رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام عوام کے لیے سہولیات فراہم کرنا اور ان کو در پیش مسائل اور مشکلات کو دُور کرنا ہوتا ہے مگر افسوس کہ پی ٹی آئی کی نا اہل حکومت نے مہنگائی اور ٹیکسوں کی مد میں بے تحاشا اضافہ کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔عمران خان نے الیکشن کے دوران عوام کو جو خواب دکھائے تھے ۔وہ سب خواب وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ چکنا چور ہوتے جا رہے ہیں۔ شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوامی مفاد میں فوری طور پر واپس لے۔ کیونکہ اس فیصلے کی وجہ سے مہنگائی کا ایک نیا سونامی آئے گا۔