پیٹرول قیمتوں میں عید کی خوشیاں چھیننے کی کوشش ہے ،مولانا عبدالحق ہاشمی

54

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ حکومت نے عیدالاضحی سے قبل پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کرکے عوام سے عید کی خوشیاں چھیننے کی کوشش کی، ہر ماہ عوام پر مہنگائی کے ڈرون حملے کب تک جاری رہیں گے۔ بدقسمتی سے حکومت نے سرکاری سطح پر نہ سادگی وقناعت اختیار کی، بڑے لٹیروں سے قومی دولت برآمد ہوئی اور نہ ہی بڑے بڑے قرضے لینے والوں سے قرض واپس لیا گیا۔ سارا زور آئی ایم ایف کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے مہنگائی، ٹیکس اور قرضوں کے حصول میں لگا رہی ہے۔ سینیٹ الیکشن میں خرید وفروخت، ووٹ بیچنے پر موروثی پارٹیاں مسلم لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کو بائیس کروڑ عوام اور تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے غریب عوام پر ظلم و ستم کی انتہا کردی ہے۔ عوام کی زندگی میں خوشحالی اور لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کے دعویداروں نے عملاً لوگوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ مہنگائی کے کوڑے برسائے جارہے ہیں۔ جماعت اسلامی پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ظالمانہ اضافے کو مسترد کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ اسے فی الفور واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں نے عوام کو ریلیف فراہم نہ کرنے کی قسم کھا رکھی ہے۔ تاریخ کی ناکام ترین اور نااہل ترین حکومت قوم پر مسلط ہوچکی ہے۔ تحریک انصاف کو جھولیاں بھر بھر کر ووٹ دینے والے آج مہنگائی کے ہاتھوں مجبور ہو کر بد دعائیں دے رہے ہیں۔ 22 کروڑ عوام جن کو نجات دہندہ سمجھتے تھے، آج وہی مظالم کے پہاڑ ڈھا رہے ہیں۔ اگر حکمرانوں نے اپنی روش نہ بدلی تو عوام ان کیخلاف سڑکوں پر آجائیں گے۔ موجودہ حکمرانوں نے نااہلی میں ماضی کی حکومتوں کے بھی سب ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہورہی ہے جبکہ پاکستان میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ حکومت ٹیکس اور ایڈجسٹمنٹ کے نام پر پیٹرولیم کے نرخوں میں اضافہ کرکے عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈال رہی ہے۔