پاکستان کشمیر پر جاندار اور جارحانہ سفارتی مہم شروع کرے،متحدہ جہاد کونسل

80

مظفر آباد(صباح نیوز) متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین اور حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں ہنگامی بنیاد پر جاندار اور جارحانہ سفارتی مہم شروع کرے، کشمیر کی صورتحال پر عالمی برادری کو متوجہ کرے، حکومت پاکستان ٹھوس اقدامات کے ذریعے کشمیریوں کی مدد کرے، یہ پاکستان کی اخلاقی و قومی ذمے داری ہے۔سید صلاح الدین نے اتوار کے روز جموں وکشمیر کی صورتحال کے تناظر میں اپنے وڈیو پیغام میں کہا کہ حکومت پاکستان موجودہ صورتحال میں اپنا کردارادا کرے۔ سید صلاح الدین نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کیا گیا ہے، جموں وکشمیر میںہر صبح و شام کربلا برپا ہے، 7لاکھ سے زائد بھارتی فوج کی موجودگی کے باوجود30سے40 ہزار تک مزید فوجی بھیجے جارہے ہیں جس سے فوج کی نقل و حرکت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ بھارتی یاتریوں ، غیر ریاستی سیاحوں کو کشمیر سے نکلنے کا حکم دیا گیا ہے ، ہوائی اڈے ہائی الرٹ ہیں، سرحدوں پر بھارتی گولہ باری سے عوام کو نقل مکانی پر مجبور کیا جارہا ہے، مقبوضہ جموںوکشمیر میں ہر طرف دہشت کا ماحول ہے ، جنگی جنون ہے، مودی سرکار بھارتی آئین میں ترمیم کرکے ریاست جموں و کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتی ہے ، جموں وکشمیرکی تاریخی ثقافتی ، جغرافیائی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول کے لیے قربانیاں دیتے آرہے ہیں۔ کشمیریوں کا مطالبہ ہے کہ انہیں ان کی مرضی کے مطابق اپنے مقدر کا فیصلہ کرنے کا اختیار دیا جائے ، بھارت کی طرف سے کشمیر کی وحدت پارہ پارہ کرنے کی کوشش ناکام بنائی جائے گی۔ بھارتی منصوبوں کا توڑ کرنا ناگزیر ہے، ریاستی عوام علاقائی اور تنظیمی رجحانات سے بالاتر اور متحد ہوکر جدوجہدکریں اور نئی دہلی کے عزائم کو ناکام بنائیں۔