راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے نام ایک خط میںایگری ٹیک ہری پور کے مزدوروں کے خلاف مالکان کے ظالمانہ اقدامات ٗملازمتوں سے برطرفی اور فیکٹری کی تالابندی نیز مزدوروں کی بھوک ہڑتال اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال کی طرف توجہ دلائی ہے۔وزیر اعظم کو ارسال کردہ خط کو شمس الرحمن سواتی نے گزشتہ روز میڈیا کو بھی جاری کیا ہے۔ایگری ٹیک ( ہزارہ فرٹیلائزر ) ہری پورکے مزدوروں کی بھوک ہڑتال اور انسانی المیہ جنم لینے سے روکیںکے عنوان سے خط میں کہا گیا ہے کہ آپ کی توجہ ایگری ٹیگ ہری پور کے مزدوروں کو درپیش مسائل کی طرف مبذول کرانا مقصود ہے۔ایگری ٹیک ہری پور کے مالکان نے مزدوروں کو ملازمتوں سے برطرف کر کے فیکٹری کی تالا بندی کر دی ہے۔مزدور اپنی بحالی اور فیکٹری کھولنے کیلیے 3 ماہ سے احتجاج کر رہے ہیں ۔ گزشتہ تین دنوں سے کچھ مزدوروں نے تا دم مرگ بھوک ہڑتا ل کی ہوئی ہے۔جس سے انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔خط میںکہا گیا ہے کہ آپ سے درخواست ہے کہ ذاتی طور پر ا س کا نوٹس لیں۔مزدوروں کی بحالی اور فیکٹری کی تالا بندی ختم کرانے کے احکامات صادر فرمائیں۔آپ سے یہ بھی درخواست ہے کہ متعلقہ ادارے جنہوں نے اپنے فرائض سے غفلت برتی ہے۔ اُن کے خلاف بھی تادیبی کارروائی کے احکامات جاری فرمائیں۔