بھارتی فوج کے مظالم پر اقوام عالم کا ضمیر سویا ہوا ہے،سینیٹر مشتاق خان

87

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخو ا سینیٹر مشتاق احمد خان نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی میں کلسٹر بموں کے استعمال اور کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیری عوام پر ظلم قرار دیا ہے۔ جماعت اسلامی تین روز تک صوبے بھر میں بھارتی جارحیت اور مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے کرے گی۔ صوبے بھر کے تمام اضلاع میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے ہوں گے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ بھارت نے طویل عرصے سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ قابض بھارتی افواج پیلٹ گنوں سے کشمیریوں سے بینائی چھین رہی ہیں جبکہ مختلف طریقوں سے کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے۔ بھارتی افواج کے ظلم پر اقوام عالم کا ضمیر سویا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو ٹویٹ کرکے اور قومی سلامتی کونسل کا اجلاس بلا کر زبانی جمع خرچ کے بجائے اس مسئلے کو عالمی فورم پر اٹھائے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور ظلم و ستم کا معاملہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور او آئی سی میں اٹھانے کے ساتھ ساتھ غیرجانبدار ممالک کو بھی مسئلہ کشمیر اور اس کے حل کی اہمیت سے آگاہ کرے اور اس کے لیے بھر پور اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قانونی، سفارتی اور سیاسی طور پر اس مسئلے کو پوری دنیا میں اٹھائے۔ دنیا بھر میں وفود بھیجے تاکہ کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی ظلم و جبر اور دہشت گردانہ کارروائیوں کو آشکار کیا جاسکے۔ اسلام آباد میں موجود مختلف ممالک کے سفیروں کا فوری طور پر اجلاس بلا کر ان کو صورتحال کی سنگینی، بھارت کے ظلم و جبر اور کشمیر کے اندر ہونے والی بڑے پیمانے پر ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کرے اور انہیں اعتماد میں لے۔ پاکستان کشمیر کے مسئلے پر او آئی سی اور اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے اجلاس بلانے کے لیے فوری طور پر اپنے ڈپلومیٹک چینلز کو متحرک کرے۔ کشمیر اب یا کبھی نہیں کے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں نہتے مسلمانوں کا قتل عام اور مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے لاکھوں ہندوؤں کو کشمیر میں لاکر بسانے کا مذموم منصوبہ اور مقبوضہ وادی میں اپنی فوج بڑھانے کے ساتھ وادی کے دونوں طرف تباہ کن اسلحہ کا استعمال جارحیت کی بدترین مثال ہے۔ بھارتی فوج کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری دہشتگردانہ کارروائیوں کی لہر جس میں روزانہ کی بنیاد پر درجنوں کشمیریوں کو شہید ، زخمی و اغواء کیا جارہا ہے اور متعدد علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کی بندش سمیت دفعہ 144کے نفاذ سے خطرے کی بو آرہی ہے۔ حکومت پاکستان کشمیری عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے اس مسئلے کے حل کے لیے ہر فورم پر بھرپور کردار ادا کرے۔