؎
کراچی( سید وزیر علی قادری ) نیشنل بینک 65ویں ایئر مارشل نورخان قومی ہاکی چیمپین شپ کی فاتح، فائینل میں سوئی سدرن گیس کو پینلٹی شوٹ آؤٹس کی بنیاد پر شکست، نیشنل بینک نے 5-4 گول سے سوئی سدرن گیس کو شکست دیدی. وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام عبدالستار ہاکی ا سٹیڈیم کراچی میں کھیلی گئی 65ویں ایئرمارشل نورخان قومی ہاکی چیمپین شپ کا فائینل میچ گزشتہ روزنیشنل بینک اور سوئی سدرن گیس کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جو نیشنل بینک نے سوئی سدرن گیس کوپنالٹی شوٹ آؤٹس کی بنیاد پر 5-4گول سے جیت لیا، میچ کا آغاز تیز کھیل سے ہوا ، دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیئے. پہلے کوراٹرکے اختتام تک ا سکور برابر رہا، کھیل کے دوسرے کوارٹر میں سوئی سدرن گیس کے مبشر علی نے پینلٹی کارنر پر تیزرفتار ڈریگ فلک کے ذریعہ گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی. کھیل کے آخری کوارٹر میں نیشنل بینک کے کھلاڑی ارسلان قادر نے گول ا سکور کرکے اس برتری کا خاتمہ کردیا جو میچ کے اختتام تک 1-1 گول سے برابر رہا. میچ کے اختتام پر پنالٹی شوٹ آؤٹس کی بنیاد پر نیشنل بینک نے5 پنالٹی شوٹ آؤٹس کامیابی سے لگائے جبکہ سوئی سدرن گیس نے ایک پنالٹیشوٹ آؤٹ خسارے کے ساتھ 4 شوٹ آؤٹس میں کامیابی حاصل کرسکی.نیشنل بینک کے کوچ ذیشان اشرف اورمینجر سرفراز اے خان تھے جبکہ سوئی سدرن گیس کے کوچ رانا ظہیر اور مینجراشتیاق مبین تھے. اس میچ کو کامران اورہارون نے سپروائز کیا جبکہ یاسر خورشید بطور ریزرو امپائر تھے، اس میچ کے ججز زاہد محمود، رفیق خان، معید خان، عظیم خان، اختر علی اورچوہدری منور حسین تھے جبکہ عظمت پاشا، جاوید اقبال اور خالد منیر نے بطور ٹیکنیکل آفیسر فرائض نبھائے. اسلم خان نیازی بطور اسسٹنٹ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کے فرائض سرانجام دیے جبکہ اولمپین حنیف خان نے 65ویں ایئرمارشل نورخان قومی ہاکی چیمپین شپ میں ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کے فرائض سرانجام دیئے۔تیسری پوزیشن کے میچ کے لئے واپڈا کلر اور واپڈا وائٹس کے مابین میچ کھیلا گیا. جو کہ واپڈا کلر نے 6-7 گو سے جیت لیا. واپڈا کلر کے کوچ ریحان بٹ اور مینجر مرزا وحید تھے جبکہ واپڈا وائٹ کے کوچ وقاص شریف اور مینجر شبیر تھے.اس میچ کو انٹرنیشنل ہاکی امپائر عاطف ملک اور انٹرنیشنل ہاکی امپائر سہیل اکرم جنجوعہ نے سپروائز کیا جبکہ ایم عظیم بطور ریزرو امپائر تھے، اس میچ کے ججز عبدالغفور، مزمل، اوصاف ربانی اور طارق شیخ تھے جبکہ محمود، عبدالرسول جانوری اور اعجاز کھوکھر نے بطور ٹیکنیکل آفیسر فرائض نبھائے۔نیشنل ہاکی چیمپین شپ کے فائینل کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ تھے ۔ تاہم منتظمین منتظمین شائقین کو فائنل والے روز بھی اسٹیڈیم لانے میں ناکام رہے، اولمپئنز کی جانب سے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر پی ایچ ایف کو مبارکباد دی گئی۔انکے ہمراہ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر رخالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف اولمپین آصف باجوہ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹینٹ جنرل ر عارف حسن ، چیف سلیکٹر قومی سلیکش کمیٹی اولمپین منظور جونیئر،اولمپین کلیم اللہ، اولمپین خواجہ جنید، سابق سیکرٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد علی، اولمپین شاہد علی خان، اولمپین خالد حمید، اولمپین حنیف خان، اولمپین وسیم فیروز، اولمپین ایاز محمود سمیت پاکستان ہاکی فیملی کے انٹرنیشنل و نیشنل کھلاڑی موجود تھے. فائینل کی رنگا رنگ تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کھلاڑیوں میں ونر اور رنر ٹرافیاں پیش کیں. اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئررخالد سجاد کھوکھر نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو خصوصی شیلڈ پیش کی، وزیر اعلی کی جانب سے صدر ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر رخالد سجاد کھوکھر، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اولمپین حنیف خان، سیکرٹری کے ایچ اے حیدر حسین سمیت دیگر کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔