اسرائیلی طرز کا بھارتی منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دینگے،متحدہ جہاد کونسل

95

سرینگر/مظفر آباد(صباح نیوز)متحدہ جہاد کونسل کے سیکرٹری جنرل اور تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمن نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی طرز پر ہندو آبادکاری کے منصوبے سے خون کی ندیاں بہانے کی سازش میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ بھارت اپنی مکاری آزمانے کے بعد کشمیریوں کے قتل عام سے بھی تحریک آزادی کو کچلنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے سے جدوجہد آزادی ختم نہیں ہو گی بلکہ اس میں مزید شدت آئے گی۔ بھارت نواز سیاستدان بھی بھارت کا مکروہ چہرہ دیکھ چکے ہیںکہ اسے کشمیر کی سرزمین پر قبضہ کرنا ہے۔ پہلی بار جموں کے ڈوگرہ عوام اور لداخ کے بدھسٹ جان چکے ہیں کہ بھارت ایک قابض اور غاصب ملک ہے۔ جو زمین کے ٹکڑے کے لیے لاکھوں انسانوں کی قربانی پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ بدھسٹ اور ڈوگرہ برادری بھی مزید شدت اور عزم کے ساتھ آزادی کی جدوجہد میں مجاہدین کے شانہ بشانہ میدان میں آئے۔ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں جھکنے اور سرینڈر کرنے پر مجبور نہیں کر سکتی،بھگوڑی اور خود کشی پر تیار بزدل بھارتی فوج مجاہدین کا ہر گز مقابلہ نہیں کر سکتی۔