قوم پر باربار مسلط ہونے والے قومی مسائل کے مجرم ہیں ،مولانا عبدالحق ہاشمی

59

کوئٹہ (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ہی قوم کو مسائل سے نجات، ملک میں اسلامی نظام نافذ اور لٹیروں کو قرار واقعی سزا دے سکتی ہے، حکومتوں میں بار بار شامل ہونے والے نئے وعدوں و خالی خولی اعلانات کیساتھ دوبارہ قوم پر مسلط ہوجاتے ہیں، قوم پر باربار مسلط ہونے والے قومی مسائل کے مجرم ہیں۔ بلوچستان کے شہروں کو دیہات بنانے والے وفاق کیساتھ صوبائی حکومتیں بھی ہیں۔ جماعت اسلامی کے دروازے بلوچ پشتون سمیت ہر قوم وعلاقے کے لوگوں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، جماعت اسلامی میں شامل ہونے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی قلات سوراب کے زیر اہتمام سوراب میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امرا بشیر احمد ماندائی، میر محمد عاصم سنجرانی، امیر ضلع قلات حافظ مولا بخش نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر حافظ منیر احمد زہری، مولوی نصراللہ زہری، اعجاز احمد، منظور احمد، محبوب علی قادر داد، عبدالوحید، عرفان اللہ کی قیادت میں درجنوں علمائے کرام، نوجوانوں نے جمعیت علمائے اسلام ف سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ شامل ہونے والوں میں زوہیب احمد، حافظ خدائے داد، جہانگیر احمد، نیاز علی، حافظ رضوان، حافظ نواز، بشیر احمد، علی احمد و دیگر قبائلی سیاسی کارکنان شامل تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالحق ہاشمی، بشیر احمد ماندائی، میر محمد عاصم سنجرانی نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر قسم کی کرپشن، موروثیت، فرقہ واریت سے پاک ملک کی حقیقی سب سے بڑے جمہوری پارٹی ہے۔ پارٹی کو خاندانی پراپرٹی بنانے والے کس منہ سے جمہوریت کی بات کرتے ہیں۔ موجودہ حکومت میں بھی عوامی مسائل حل ہونے کی امید نہیں اور نہ ہی اسلامی نظام یا اسلامی ریاست بن سکے گی۔ جماعت اسلامی ہی عوامی مسائل کو حل کرنے کی استطاعت رکھتی ہے، عوام نے سب کو آزما لیا، اب عوام کے پاس حل صرف جماعت اسلامی ہے، لوگ اب بھی جماعت اسلامی کی طرف متوجہ اور امید بری نظروں سے دیکھ رہی ہے۔ جماعت اسلامی کے ذمے داران عوام کے پاس جماعت اسلامی کا پیغام لے کر جائیں۔ جماعت اسلامی کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈے اور فتوے جاری کرنے والے ناکام ہوئے۔ جماعت اسلامی کی خدمات، دیانت روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔ عوام کرپٹ، خاندانی جماعتوں کے بجائے جماعت اسلامی کی طرف آئیں۔ جماعت اسلامی میں شامل ہونے والوں کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، صوبے بھر میں مزید شمولیتی تقاریب منعقد ہوں گی۔ جماعت اسلامی نے عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے بلوچستان کو حق دو مہم شروع کردی ہے اور عید کے بعد عوامی مارچ میں مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق آئندہ لائحہ عمل دیں گے۔