پاکستان کی شہ رگ دشمن کے خونی پنجے میں ہے،عمرفاروق

84

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے کہاہے کہ جے آئی یوتھ آج بروز جمعہ جشن آزادی عیدملن تقریب کا اہتمام کرے گی جس کامقصد پاکستان کے ساتھ الحاق اور آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے کشمیریوںسے اظہار یکجتہی ہے،المرکزالاسلامی چنیوٹ بازارمیں شام ساڑھے چاربجے ہونے والے اس جشن آزادی عیدملن سے جے آئی یوتھ پاکستان کے سینئر نائب صدر عدیل باسط،صوبائی صدر ملک شاہدنوید، سینئرنائب صدر پنجاب راناعدنان خان،جماعت اسلامی کے ضلعی امیر انجینئرمحمدعظیم رندھاوا اور دیگرذمے داران خطاب کریں گے۔انہوں نے کہاکہ امسال ہم جشن آزادی اس حال میں منارہے ہیں کہ بھارت کی مودی حکومت نے اپنے آئین کی دفعہ 370اور 35اے کو ختم کرکے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کردیا ہے اور کشمیر کو بھارت کی مستقل ریاست قرار دے دیا گیا ہے،ظلم و جبر کے اس قانون کے خلاف کشمیری سراپا احتجاج ہیں،بھارت کی 8 لاکھ فوج نے وادی کشمیر جنت نظیر کا محاصرہ کررکھا ہے اور ایک ہفتے سے کشمیر میں کرفیو نافذ ہے،شہادت کے متوالے کشمیری بھائیوں نے کرفیو توڑ کر بھارت کے خلاف بڑے بڑے احتجاجی مظاہرے کئے،چلتی بندوقوں کے سامنے سینہ تان کر پاکستان کے پرچم لہراتے ہوئے نعرے لگاتے ہیںکہ کشمیر بنے گا پاکستان اور بھارت کشمیر سے نکل جا۔ کشمیری پاکستان کی تکمیل کی جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔بانی نے پاکستان قائد اعظم ؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔پاکستان کی شہ رگ دشمن کے خونی پنجے میں ہے۔زندہ رہنے کیلیے ضروری ہے کہ ہم متحد ہوکر اپنی شہ رگ دشمن کے پنجہ استبداد سے آزاد کرائیں۔کشمیر کا مسئلہ ہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے،مسئلہ کشمیر اب حل نہ کیا گیا تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔اپنی آزادی اور خود مختاری کی حفاظت کیلیے ہمیں تحریک پاکستان کے جذبہ سے اٹھنا ہوگا۔نوجوان اسی یوم آزادی پر اس عزم اور عہد کا اعادہ کریں کہ کشمیر کی آزادی کیلیے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔