دو دن کی بارش نے انتظامیہ کا پول کھول دیا،مصطفی کمال

57

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ شہر میں گندگی و غلاظت سے بیماریاں پھوٹنے لگی ہیں، عید پر شہریوں نے اپنے پیاروں کو قبر میں اتارا،شہر کی صورتحال کے لیے کسی کو ثالثی کاکردار ادا کرنا پڑے گا۔ہفتہ کو پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ گزشتہ دنوں کراچی میں بارش کے دو اسپیل آئے، 46 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، 2 دن کی بارشوں نے انتظامیہ کے پول کھول دیے۔مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ کوئی بھی تنکے کے برابر الزام بھی ثابت نہیں کر سکتا، 30 سال پرانے پلاٹ کی الاٹمنٹ کا الزام لگا دیا گیا۔سربراہ پی ایس پی نے کہا عید کا چھٹا روز ہے لیکن اب تک آلائشیں نہیں اٹھائی جاسکیں، شہر میں گندگی و غلاظت سے بیماریاں پھوٹنے لگی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نظام کو یکسر بدلنے کی ضرورت ہے، مہذب معاشرے میں اس صورتحال پرحکمران مستعفی ہو جاتے ہیں۔ مصطفی کمال نے کہا کہ عید کے دن شہریوں نے اپنے پیاروں کو قبر میں اتارا ، گھروں کے سامنے سے آلائشیں اب تک نہیں اٹھائی جاسکیں ، سڑکوں پرجو صورت حال ہے وہ سب کے سامنے ہے ، کام کیلیے اختیار کے ساتھ کردارکابھی ہونا ضروری ہے۔