عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا نوٹس لے ،ڈاکٹرخالد محمود

64

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ جنوبی ایشا کو ایٹمی جنگ سے بچانے کا واحد راستہ مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے ،پوری ریاست کو قید خانے میں تبدیل کر کے 15لاکھ بھارتی افواج اور آرایس ایس کے غنڈے نہتے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کررہے ہیں ، عالمی برادری اس سنگین صورت حال کا نوٹس لے ، بھارتی گجرات اور کشمیر میں مسلمانوں کے قاتل نریندر مودی کو سول ایوارڈ دینا مسلمانوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے ،کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل کی مشاورت سے منحوس خونی لکیر لاکھوں کی تعداد اپنے پائوں تلے روند کر اپنے بھائیوں کی مدد کریں گے ،کشمیری 200سال سے میدان جہاد میں ہیں وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کھنہ مرکز میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کی پشتیبانی کا حق ادا کیا ہے اسلام آباد میں بیٹھے حکمران کماحقہ کردار ادا کرتے تو آج کشمیری آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہوتے ،نریندر مودی نے ایک بار پھر موقع پیدا کر دیا ہے کہ حکومت پاکستان عالمی سطح پر بھرپور سفارتی مہم منظم کر کے بھارت پر پریشر بڑھائے تا کہ وہ مظالم سے باز رہے اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی اور پیدائشی حق حق خودارادیت فراہم کرے ،او آئی سی فعال اور متحرک کردار ادا کرے نریندر مودی کشمیریوں کو مسلمان ہونے کی سزاد ے رہا ہے کشمیری امت مسلمہ کا حصہ ہیں عرب اور اسلامی ممالک بھارت کا معاشی، سفارتی بائیکاٹ کریں انہوں نے کہاکہ ہمارے اسلاف نے مودی کے بڑوں کو مار بھگایا تھا اب مودی کو مار بھگانے کا وقت آگیا ہے ۔