کراچی(اسٹا ف رپورٹر) سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضی وہاب نے دعویٰ کیاہے کہ سندھ حکومت کی کارکردگی انتہائی مثبت رہی ہے۔ سندھ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کے حوالے سے سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب کی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو ہوئی ۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ہم عوام کو بہت کچھ دینا چاہتے تھے مگر مدینے کی ریاست میں جو معاشی صورتحال تھی اسکے باعث ہمارے کئی منصوبے پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ پائے۔ سندھ حکومت کا پہلا سنگ میل تھر کول کا منصوبہ تھا جسکے تحت 660 میگا واٹ بجلی پیدا کی گئی یہ شہیدبے نظیر بھٹو کا خواب تھا۔یہ بجلی نیشنل گرڈ میں جارہی ہے اسکے دو بڑے فائدے ہوئے ہیں۔انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ تھرکول منصوبے کا پہلا فائدہ یہ ہے کہ مقامی کوئلہ کا استعمال ہوا جس سے قیمتی زرمبادلہ بچایا گیا۔دوسرا پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پروگرام کو تقویت ملی۔مرتضی وہاب نے کہا کہ بلاول زرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت نے تھر پر توجہ دی وہاں صحت ، تعلیم، پانی ، ڈیمز کے منصوبے شروع کیے۔ سندھ حکومت کی صحت کے شعبے میں نمایاں کارکردگی رہی۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے پسماندہ ترین علاقے تھر میں ادارہ امراض قلب سمیت این ای ڈی یونی ورسٹی کا کیمپس قائم کیا گیا۔ امل ایمبولینس ،ریسکیو سروس شروع کی بلاول بھٹو کی خواہش ہے کہ اسکو پورے سندھ تک پھیلایا جائے۔