مقبوضہ کشمیر ا س وقت ایک قیدخانے کی صورت اختیارکرگیاہے شیخ عقیل

43

مظفرآباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان بھارت کے ساتھ ہر طرح کے تعلقات ختم اور فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہ دے ،قاتل مودی کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینا کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی اور غداری کے مترادف ہے ،نریندرمودی اور اس کی افواج کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہیں اور پاکستان پر حملے کی تیاری کی جارہی ہے ایسے میں مودی کو فضائی حدود استعمال کرنے دینا مناسب نہیں اس سے منفی پیغام جا رہا ہے ،کشمیریوں نے جہاد سے یہ خطہ آزاد کروایا ہے اور بقیہ کشمیر بھی جہاد سے آزاد کروائیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر ا س وقت ایک قیدخانے کی صورت اختیار کیے ہوئے ہے ایک کروڑ انسان شدید مشکلات کا شکار ہیں قابض بھارتی افواج کشمیریوں کو شہید زخمی اور لاپتا کرنے میں مصروف ہے ایسے میں عالمی برادری او آئی سی کی ذمے داری بنتی ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کرے ،بیس کیمپ اور حکومت پاکستان کشمیرکی آزادی کے فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہوئے ایسے اقدامات کرے جس سے آزادی کی منزل حاصل ہوسکے اس وقت مقبوضہ کشمیر کے عوام عملاً جیل خانے میں ہیں ان کی مدد کرنا ہم پر فرض ہے آزادکشمیر اور مقیم مہاجرین پاکستان اس حوالے سے اپنا کردا ر ادا کریں انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو عسکری سفارتی سیاسی ہر محاذ پر بھرپور انداز سے اجاگر اور عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت لاتوں کا بھوت باتوں سے نہیں مانتا بھارت کے ساتھ اسی زبان میں بات کی جائے جو زبان وہ سمجھتا ہے ۔