جماعت اسلامی اقامت دین کی ایک عالمی تحریک ہے،سید عارف شیرازی

81

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے 78 ویںیوم تاسیس کے حوالے سے گزشتہ روز ضلعی دفتر سیدمودودی ؒ بلڈنگ کے باہر پرچم کشائی کی ایک پُروقار مگر سادہ تقریب منعقد ہوئی ۔امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی ٗ جنرل سیکرٹری سید عُزیر حامد ٗممتاز عالم دین مولانا عبدالجلیل نقشبندی ٗنائب اُمراء شیخ مسعود احمد ٗ ضیا اللہ چوہان ٗڈپٹی سیکرٹری محمد طارق رضا ٗ چودھری ظفر یاسین ٗ جاوید اختر ٗ سیکرٹری اطلاعات ملک محمد اعظم ٗامیر پی پی 11 حاجی یار محمد ٗ امیر پی پی 14 رضا محمد چودھری اورامیر پی پی 18 محمد شبیرمیر سمیت دیگر عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی ۔اس موقع پرسید عارف شیرازی ٗ مولانا عبدالجلیل نقشبندی ٗسید عزیز حامد اور شیخ مسعود احمد نے جماعت اسلامی کے کلمے والے پرچم کو لہرایا۔سید عارف شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی بنیاد 75 افراد نے 1941 ء میں رکھی تھی۔الحمد للہ ! اس وقت دُنیا کے کونے کونے میںمولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ کی فکر پائی جاتی ہے۔ان کی کتابوں کے تراجم دُنیا کی بڑی بڑی زبانوں میں ہو چکے ہیں اور یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی ایک عالمی تحریک ہے۔پاکستان کو ایک اسلامی اور فلاہی ریاست بنانے کے سلسلے میں مولانا مودودی ؒ اور جماعت اسلامی کے دیگر قائدین کی خدمات اور جدوجہد لائق تحسین ہے۔ قرار داد مقاصد ٗ 1956 اور 1973 کے دساتیر کے بنانے میں بنیادی اور اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں ہمارے مسلمان بھائی ٗ مائیں ٗ بہنیں اور معصوم بچے سخت پریشانی اور اذیت کے دور سے گزر رہے ہیں۔ بھارت کی فوج مقبوجہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کُشی کر رہی ہے۔تین ہفتوں سے نافذ کرفیو کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیا ختم ہو چکی ہیں۔ ادویات ناپید ہیں ۔ بچے بھوک اور پیاس سے بلک رہے ہیں ۔مگر افسوس کہ ہماری حکومت سمیت عالمی طاقتیں ٗ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔آخر میںمولانا عبد الجلیل نقشبندی نے کشمیر کی آزادی اور وطن عزیز کی سلامتی اور امن کے لیے دُعا کرائی۔