کشمیر کی قبرستان میں تبدیلی سے قبل پاکستان فیصلہ کرے، خالد محمود

45

راولاکوٹ( صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کو جیل سے قبرستان میں تبدیل ہونے سے قبل حکومت پاکستان بڑا فیصلہ کرے ،نوجوان تحریک کا ہر اول دستہ بن کر اپنا کردار ادا کریں ،دنیا میں جہاں کہیں بھی آزادی کی تحریک کامیاب ہوئی یا تبدیلی آئی اس میں اہم کردار نوجوانوں کا رہا ہے ،امت کا نوجوان مغرب کا ہدف ہے ،نوجوان قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں ،نریندر مودی کے جنگی عزائم نے جنوبی ایشیا کو ایٹمی جنگ کے دھانے پر لاکھڑا کردیا ہے ،کشمیر کی آزادی کا یقین ہمیں اس طرح ہے جس طرح صبح طلوع ہونے کا ،آزاد خطے کے عوام اور نوجوان صبح آزادی تک کشمیر یوں کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔،انہوں نے کہاکہ نوجوان خطے اور امت کا مستقبل ہیں پاکستان اور آزادکشمیر کے نوجوانوں نے تحریک آزادی کشمیر میں بھرپور کردار ادا کیا ہے ،آج پھر آگے بڑھ کر نوجوان اپنا کردار ادا کریں تا کہ آزادی کی منزل حاصل ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ کشمیری گزشتہ 27دنوں سے کرفیو کے زد میں ہیں عالمی برادری انسانی حقوق کے ادارے زبانی جمع خرچ سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کریں ۔
خالد محمود