پنجاب میں لیبرانسپکشن پر حکومتی پابندی پر مزاحمت کریں گے

71

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی ) صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان شمس الرحمن سواتی نے پنجاب کے صنعتی اداروں میں لیبر انسپکشن پر حکومتی پابندی کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس کی مزاحمت کا اعلان کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں شمس الرحمان سواتی نے کہا ہے کہ یہ مزدورں کے خلاف ظلم ہے۔انصاف کے نام پر حکومت کرنے والے انصاف کا خون کر رہے ہیں۔انسپکشن ہوتے ہوئے بھی صنعتکاروں نے مزدوروں کو مستقل ملازمت ٗکم ازکم تنخواہ ٗسوشل سیکیورٹی ٗای او سی آئی اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کی رجسٹریشن سے محروم کیا ہوا تھا۔ مزدوروں سے بارہ بارہ گھنٹے ڈیوٹی لی جا رہی تھی۔حفاظتی آلات فراہم نہیں کیے جارہے تھے۔انہوں نے کہا کہ یومیہ اُجرت اور ٹھیکیداری نظام کے ذریعے مزدورو ں سے بیگار لی جا رہی ہے۔اب جب انسپکشن پر پابندی لگا دی گئی ہے ٗ تومزدوروں کا کیا حال ہوگا۔یہ ہے مدینہ جیسی اسلامی و فلاحی ریاست کے دعویداروںکا عمل ۔ یہ سرمایہ داری نظام کی بدترین شکل ہے۔جسے کسی بھی صورت میں قبول نہیں کیا جائے گا۔شمس الرحمان سواتی نے وزیراعظم پاکستان اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ مداخلت کرکے مزدوروں کے انسانی حقوق بحال کرائیں۔اگر حکومت نے اس ظالمانہ اور مزدور دشمن اقدام کو واپس نہ لیا تو اس فیصلے کی ہر فورم پر مزاحمت کی جائے گی۔انہوں نے مزدور یونینز اور فیڈریشنز سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے غصب شدہ حقوق کی بحالی کے لیے متحد ہو جائیں۔