آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلیے مظاہرے کیے جائیں

42

راولاکوٹ(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے اپیل کی ہے کہ آج پورے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے کیے جائیں ،علما کرام اور خطباء حضرات جمعہ کے خطبات میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو اجاگر کریں اور رئے عامہ بیدار کریں ،آزاد خطے کے عوام بھرپور انداز سے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں ،جس طرح 6ستمبر1965ء کو بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا تھا ایک بار پھر پوری قوم متحد و متفق ہو کر بھارت کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنائیں ،بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر جنگ مسلط کررکھی ہے پوری قوم تیار رہے کسی بھی وقت مشاورت کے بعد سیز فائر لائن توڑ کر اپنے بھائیوں کی مدد کے لیے کال دی جاسکتی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے حلقہ نمبر 3کے اراکین جنرل کونسل کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی سردار اعجاز افضل خان ، امیر جماعت اسلامی کارپوریشن سردار نزاکت سمیت دیگر قائدین نے گفتگو کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے بھارتی قابض فوج جنگی جرائم کی مرتکب ہورہی ہیں 80 لاکھ کشمیریوں کو قید خانے میں ڈال کر ان کا قتل عام کیا جارہا ہے عالمی برادری اور اسلامی ممالک اس کا نوٹس لیں اقوام متحدہ انسانی حقوق کی پامالیوں اور جنگی جرائم کے مرتکب ہونے والے بھارت کے خلاف کارروائی کرے ۔اس موقع پر انہوں نے اراکین جنرل کونسل کو ہدایت کی کہ وہ کشمیر کی آزادی کے لیے رائے عامہ بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ اللہ کے پیغام کو اللہ کی مخلوق تک پہنچائیں اللہ کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں روزانہ قرآن کا مطالعہ کریں ،اللہ کے ساتھ جو لوگ تعلق مضبوط رکھتے ہیں وہ ہی کامیاب ہوتے ہیں ۔