افواج پاکستان نے کبھی بھی پاکستان کے عوام کو مایوس نہیں کیا

68

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)یوم دفاع کے موقع پر الخدمت گرلزمڈل سکول کے طلبہ وطالبات نے کشمیریوںسے اظہاریکجہتی کے لیے جھمرہ روڈ پر ریلی نکالی جس کی قیادت الخدمت فائونڈیشن کے جنرل سیکرٹری غلام عباس خان ، انچارج آرفن کیئرپروگرام الیاس منج اورمیاںافتخارعلی اور دیگر نے کی۔طلبہ و طالبات نے کشمیریوںاورپاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلیے نعرہ بازی بھی کی ،طلبہ نے ہاتھوں میں بینرزاور کتبے اٹھا رکھے جن پر کشمیریوںکیلیے نعرے درج تھے۔ ریلی میں سیکڑوںطلبہ وطالبات نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے الخدمت فائونڈیشن کے جنرل سیکرٹری غلام عباس خاں نے کہاکہ جس طرح 6 ستمبر 1965ء کو پاک فوج نے بہادری اور شجاعت کی مثال قائم کرکے دنیا کو حیران کردیا تھا، اب کشمیر کی آزادی کیلیے بھی پاک فوج کسی طرح کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔یہ ایک حقیقت ہے کہ افواج پاکستان نے کبھی بھی پاکستان کے عوام کو مایوس نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ پوری قوم اور کشمیروں کو بھی یقین ہے کہ اللہ پاک کے بعد پاک فوج ہی کشمیریوں کو بھارت کے ظلم سے نجات دلواسکتی ہے۔ اسی لیے اس یوم دفاع پر اپنے شہیدوں اور غازیوں کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کی جدوجہد کو بھی خراج عقیدت پیش کیاجارہاہے۔ 6 ستمبر یعنی یوم دفاع ہمارے اس عزم کی بھی علامت بن گیا ہے کہ اگر کسی نے بھی پاکستان کو میلی نظر سے دیکھا تو اللہ کے فضل سے ہماری افواج کے پاس وہ طاقت اور صلاحیت موجود ہے کہ وہ دشمن کا سر کچل سکتے ہیں۔ اس نازک دور میں ہماری افواج پر دہری ذمے داری عائد ہوچکی ہے، ایک تو پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کرنا اور اسے اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے محفوظ رکھنا اور دوسرا کشمیر کو بھارت کے چنگل سے آزاد کروانا۔ ہمیں امید ہے کہ اس جنگ میں جیت ان شاء اللہ پاکستان کی ہی ہوگی۔ انہوں ظلم کی رات چاہے جتنی بھی سیاہ اور طویل ہو، صبح کا سورج ضرور طلوع ہوتا ہے اور سورج کی روشنی ہر طرح کے اندھیرے کا خاتمہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس لیے ہمیں یوم دفاع کو تجدید کا بھی دن سمجھنا چاہیے۔ ہمیں یہ عہد بھی کرنا چاہیے کہ ہم اس مشکل کی گھڑی میں اپنی افواج اور کشمیر کے مظلوم بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور جب تک ہم مظلوم کشمیریوں کو بھارت کے مظالم سے چھٹکارا نہیں دلوادیتے، تب تک ہم سکھ کا سانس نہیں لیں گے۔