قوم یوم دفاع کے موقع پر بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں ، عمرفاروق

67

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر، جنرل سیکرٹری راشد محمود، سلطان ڈوگر، محمد زید، عمران عبداللہ، سلیم انصاری اور دیگر نے یوم دفاع کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع کشمیر کی بقا میں مضمر ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جسے ہندوئوںکے پنچہ استبدادسے آزادکروائے بغیرپاکستان کی تکمیل نامکمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی نوجوان اپنی شہ رگ کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں اورکشمیرکی آزادی کے لیے اپنے جان ومال ہرطرح کی قربانی کے لیے تیارہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی آزادی کی جدو جہد تمام عالمی اور عالمی قوانین کے تحت جائز اور قانونی جدوجہد ہے اور جب مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی افواج موجود ہے تو پاکستانی فوج کو بھی وہاں ہونا چاہیے۔ ہماری فوج دنیا کی ایک بہترین اور با صلاحیت فوج ہے۔ حکومت پاکستان شملہ معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کرے۔ حکومت ایل او سی پر لگی 450کلو میٹر کی باڑھ کو ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے اور یہ باڑھ ختم کرے،5اگست کو بھارتی حکومت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کر کے مقبوضہ وادی کو انڈین یونین کا حصہ بنایا، اس دن سے آج تک جماعت اسلامی یوتھ کے کارکنان اور ذمے دار بیدار ہیں اور عوام کو متحرک کررہے ہیں اورکشمیریوں کو حوصلے دے رہے ہیں اور یہ پیغام دے رہے ہیں کہ وہ خود کو تنہا نہ سمجھیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ حکومت کشمیریوںسے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے عملی اقدامات کرے اور بھارت کے لیے پاکستان کی فضائی حدود بند کی جائے۔ بھارتی سفیر کو ملک بدر کرکے پاکستانی سفیر کو واپس بلایا جائے، پاکستان کے راستے افغانستان تجارت کا راستہ بند کیا جائے، تجارتی تعلقات ختم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم یوم دفاع کے موقع پر عہدکرے کہ بھارتی چینل اورمصنوعات کا بائیکاٹ کریں گے۔