کشمیر کے مظلوم مسلمان بھارتی فوج کے محاصرے میں ہیں، عارف شیرازی

135

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ کشمیر کے مظلوم مسلمان بھارتی فوج کے محاصرے میں ہیں۔ ایک مہینے سے زیادہ دن ہو گئے ہیں کہ وہاں سخت کرفیو لگا ہوا ہے۔مگر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کمزور نہیں کر سکا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی حلقہ خواتین راولپنڈی کے زیر اہتمام مری روڈ پرکشمیری مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل یکجہتی کشمیر ریلی کا آغازسید مودودیؒبلڈنگ ضلعی دفتر سے ہوا ۔ جس کی قیادت نائب ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ پنجاب رخسانہ غضنفر ٗناظمہ سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی نزہت ناطق ٗ ناظمہ اطلاعات قدسیہ مدثر اور دیگر عہدیداران کر رہی تھیں۔ شرکانے بینرز اُٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ کشمیر بنے گا پاکستان ٗکشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ بھارتیو کشمیر چھوڑ دو۔ سید عاف شیرازی نے کہا کہ کشمیریوں نے بھارت کے تما م تر ظلم و جبر کے باوجود غلامی کی زندگی اختیار نہیں کی۔ کشمیریوں کی تحریک آزادی عظیم جدوجہد اور قربانیوں سے عبارت ہے۔ کشمیری کرفیو توڑ کر آزادی کے نعرے بلند کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج کشمیر کی مائیں ٗ بہنیں ٗ بچے ٗ بزرگ اور نوجوان پاکستان کی طرف دیکھتے ہیں ۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کا اہم فریق ہے۔ حکومت پاکستان ترجیح اول کے طور پر کشمیر کے مسئلہ کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے۔