حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث معیشت وینٹی لیٹر پر پہنچ گئی

109

کراچی (رپورٹ: محمدانور) حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث معیشت ویٹی لیٹر پر پہنچ گئی‘ ریونیو دینے کرنے والے ادارے اور کاروباری حضرات خوفزدہ ہیں بینکوں سے اپناسرمایہ نکلوارہے ہیں اس لیے حکومت اپنی ٹیکس اور دیگر پالیسیوں پر فوری نظرثانی کرے۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز صنعتکار و
فیڈریشن چیمبرز آف کامرس انڈسٹریز کے رہنما غضنفر علی خان اور مارکیٹنگ سے وابستہ نامور شخصیت واثق نعیم نے جسارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ غضنفر علی کا کہنا تھا کہ حکومت نے بینکوں کے ٹیکسز میں اضافہ کرکے ایسا خوف پھیلادیا ہے کہ لوگوں نے اپنا سرمایہ بینکوں سے نکالنا شروع کردیا ہے جبکہ آٹو موبائل اور دیگر کاروبار بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو مقامی سطح پر کاروبار کی حوصلہ افزائی کے لیے نئی پالیسی بنانی چاہیے تاکہ لوگ بلاخوف اپنا پیسہ کاروبار میں لگاسکیں‘ حکومت ان اقدامات پر توجہ ہی نہیں دے رہی۔ کنسٹرکشن اور مارکیٹنگ کے شعبے سے وابستہ اور اسٹار مارکیٹنگ کے چیئرمین نعیم واثق نے کہا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہر طرح کا کاروبار اب ” وینٹی لیٹر ” پر پہنچ چکا ہے جبکہ اس سے وابستہ ہزاروں تاجر بھی پریشان ہوکر “بستر مرگ” پر پہنچنے والے ہیں‘ کاروبار میں فائدہ کم اور نقصانات زیادہ ہونے کی وجہ سے نجی ادارے افرادی قوت 75 فیصد تک کم کرنے پر مجبور ہیں جس سے ملک میں بیروزگاری بڑھ رہی ہے۔ واثق نعیم نے بتایا کہ ملک کے سب سے بڑے شہر میں تعمیراتی صنعت متاثرہ صنعتوں میں شامل ہوچکی ہے جس کی وجہ مہنگائی اور نئے ٹیکسز ہیں‘ حکومت کو ترجیحی بنیادوں پر اپنی جاری پالیسیوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔