نیب پرویز خٹک اور اعظم خان کیخلاف تحقیقات بندکررہا ہے،افتخار احمد

65

ان گڑھ(نامہ نگار)پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار احمد خان نے کہا ہے کہ نیب نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا و موجودہ وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیراعظم کے پرسنل سیکرٹری اعظم خان کیخلاف جاری انکوائری کو بند کرنیکی تیاری کرلی، آئندہ اجلاس میں حتمی منظوری دی جائیگی۔ انہوں نے نیب کی کارروائیوں کو انتقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے خلاف تو محض ایک درخواست پر گرفتاری اور مقدمات بنائے جا رہے ہیں جبکہ حکومتی عہدیداروں کیخلاف صاف شفاف طریقے سے جاری انکوائری بند کی جارہی ہیں ،حکومت انتقامی کارروائیوں میں سب سے آگے جبکہ عوام کو ریلیف دینے میں سب سے پیچھے ہے ، ہرطبقہ پریشانی کے عالم میں ہے مہنگائی، بے روزگاری اور ناانصافی سے عوام تنگ آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کو عوام کی ترجمانی پر انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، پیپلزپارٹی عوام کی ترجمانی کرتی رہے گی،پیپلزپارٹی شہدا کی عوامی جماعت ہے ، آئندہ وزیراعظم بلاول زرداری ہی ہوں گے ۔