پورا کشمیر غم اور مشکلات میں مبتلا ہے ،عوام مدد کریں،خالد محمود

55

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیرکے امیرڈاکٹرخالد محمود خان نے کہاکہ نریندرمودی بھارت کو انجام کے قریب لے جاچکے ہیں،کشمیرمیں قابض بھارتی افواج نے مظالم میں دنیا کے تمام استعماروں کو مات دے دی ہے،80لاکھ افراد کو قید خانے میں ڈال کر ان پر ظلم کی انتہاکی جارہی ہے،دنیا سے ان 80لاکھ افراد کا رابطہ منقطع ہے،دنیا کی طرف سے کرفیو اٹھانے کے مطالبات کے باوجود بھارت اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے،جہاد کے سوا کوئی آپشن نظر نہیں آتا،80لاکھ انسانوں کو کرفیو سے بچانا اور سوا کروڑ انسانوں کے حق کے حصول کے لیے لڑنا جہادہے،جماعت اسلامی کے بزرگ رہنما صدیق اعوان نے ساری زندگی برائی کے خلاف جہاد کیا کشمیرکی آزادی کی تحریک میں اپنا کردارادا کیا۔ان خیالات کااظہارانھوںنے جماعت اسلامی کے بزرگ رہنما صدیق اعوان کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیرضلع اسلام آباد مولانا اشرف بلال،سیکرٹری ضلع مولانا خالد عمران خالد،مرحوم صدیق اعوان کے بیٹے سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خا نے کہاکہ پورا کشمیرغم اور مشکلات میں مبتلاہے،ریاست کے ایک حصے میں گزشتہ گئی ہفتوں سے کرفیو ہے دوسرے حصے کے عوام بے تاب ہیں کہ اپنے بھائیوں کی مدد کریں مگر ان کے پاس راستہ نہیں ہے جب تک حکومت جہاد کا اعلان نہیں کرتی یہ لوگ اپنے بھائیوں کی کیسے مدد کریں،انھوںنے کہاکہ جماعت اسلامی اپنے محدود وسائل کے ساتھ میدان میںہے سفارتی سطح پر بھی اپنے انداز سے لگی ہوئی ہے،ریاست کے اندر بھی کوشش میں ہے کہ سب مل کر کوئی فیصلہ کن کردار ادا کریں،یہ وقت اتحاد اور اتفاق کا ہے،پوری قوم متحد اور متفق ہوکر آگے بڑے گی تو کامیابی ملے گی،بھارت جیسے دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہونا ہوگا ،جماعت اسلامی اس کوشش میں ہے کہ حکومت آگے ہواو رپوری قوم ساتھ ہواگر کوئی راستہ نہ نکلا تو جماعت اسلامی اپنی بساط کے مطابق کردار ادا کرے گی۔انھوںنے کہاکہ 27ستمبر کو مظفرآباد میں تاریخی ریلی منعقد کریںگے،پوری قوم کو جمع کریںگے اور ان سے مشاورت کے بعد اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریںگے،وزیراعظم سمیت تمام جماعتوں کو ریلی میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں اور دیںگے۔