بھارت جنگی جرائم کا مرتکب ،مودی نے عالمی امن کو چیلنج کر دیا ہے

53

راولاکوٹ(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی27ستمبر کو یونیورسٹی گرائونڈ مظفرآباد میں پوری قوم کو جمع کر کے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کرے گی ،وزیر اعظم پاکستان عمران خان جنرل اسمبلی کے اجلاس میں عالمی برادری سے مطالبہ کریں کہ بھارت کیخلاف کارروائی کی جائے ،اقوام متحدہ کے چیپٹر7کے مطابق بھارت کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے ،بھارت جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے نریندرمودی نے عالمی امن کو چیلنج کر دیا ہے عالمی برادری دنیا کے امن کو قائم رکھنے کے لیے مسئلہ کشمیر حل کرائے ،آزاد خطے کے عوام مظفرآباد میں کشمیربچائو ریلی میں بھرپور انداز سے شریک ہوں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی آزادکشمیر اور پاکستان اول روز سے تحریک آزادی کشمیر میں پشتیبانی کا کردار ادا کررہی ہیں صبح آزادی تک ہم اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ رہیں گے ،جماعت اسلامی پاکستان نے پورے پاکستان میں کشمیر بچائو ریلیز کا انعقاد کر کے رائے عامہ بیدار کی ہے اور کشمیریوں سے لازوال یکجہتی کا اظہار کیا ہے جس پر اہل کشمیر ان کے شکر گزار ہیں ،سینیٹر سراج الحق نے پہلے دن سے دو ٹوک مؤقف اختیار کیا کہ حکومت پاکستان اور اس کے ادارے فیصلہ کن کردار ادا کریں ،گزشتہ47دنوں سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ہے جس کی وجہ سے 80لاکھ کشمیری شدید مشکلات کا شکار ہیں ان کی مدد کرنا ہم پر فرض ہے مودی مقبوضہ کشمیر میں جنگ ہار چکے عالمی سطح پر بھی انکی مذمت کی جارہی ہے بھارت ہوش کے ناخن لے ٹوٹنے سے قبل کشمیریوں کو ان کا بنیادی اور پیدائشی حق اپنے عہد کے مطابق فراہم کرے ،نریندرمودی دنیا کے امن کے لیے خطرہ بن چکے ہیں عالمی برادری اس حقیقت کا ادراک ہوناچاہیے کہ اگر مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ ہوئی تو یہ ایٹمی جنگ ہو گی عالمی برادری کی خاموشی کی وجہ سے ہندوستان کشمیریوں کو ان کا حق فراہم کرنے کے بجائے ان کا قتل عام کررہا ہے ۔