سندھ میں آباد اقلیتی برادری محب وطن ہے، عمران قریشی

43

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما عمران قریشی نے چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ میں فائنل ائر کی طالبہ نمرتا چندانی کی پراسرار ہلاکت پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبہ بندی کے تحت پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے اس طرح کے واقعات کیے جارہے ہیں لیکن ملک کے عوام پاکستان میں رہنے والی اقلیتوں کے نہ تو کبھی خلاف رہے اور نہ ہی انہیں اپنے سے الگ سمجھتے ہیں۔ خاص طور پر سندھ میں رہنے والی اقلیتی برادری کے افراد ہمارے بھائی ہیں اور ہم انہیں محب وطن سچا پاکستانی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نمرتا چندانی کی پراسرار ہلاکت کی اعلیٰ سطح تحقیقات کروا کر واقعے میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور سندھ کیخلاف کی جانے والی سازشیں ناکام ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندو، سکھ اور عیسائی قیام پاکستان سے قبل سے یہاں آباد ہیں اور انہیں مکمل طور پر مذہبی رسومات کی آزادی ہے بلکہ یہاں کے مسلمان ان کی رسومات میں شرکت کرکے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیمی اداروں کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دے اور وہاں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے تاکہ ہر مذہب اور ہر رنگ ونسل سے تعلق رکھنے والے افراد تعلیمی اداروں میں آزادانہ طور پر اپنی تعلیم جاری رکھیں۔