حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) نشاط ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر نثار سومرو نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ حیدرآباد میں پانی کی نکاسی کے نظام کو بہتر بناکر شہریوں کو مشکلات سے نجات دلائی جائے۔ نثار سومرو نے کہا کہ ترقی یافتہ پاکستان کے لیے ہم نے جمہوری بلدیاتی طرز حکومت کے حوالے سے ڈسٹرکٹ انٹریسٹ گروپ قائم کیا ہے، جس میں مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے شہری شامل ہیں جو کہ حیدرآباد شہر کے بنیادی مسائل کے حوالے سے کام کررہا ہے۔ حیدرآباد میں پانی کی نکاسی کا نظام مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے یہ ہی وجہ ہے کہ حالیہ برسات میں شہر ڈوب گیا تھا جبکہ گھروں میں پینے کے پانی کی لائنوں میں بھی گندہ پانی آرہا تھا جس کی وجہ سے متعدد بیماریوں نے جنم لیا۔ انہوںنے کہاکہ ضلعی انتظامیہ بلدیاتی اداروں کی جانب سے فوری طور پر اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوںنے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر شہر کا سیوریج کا نظام بہتر بنایاجائے۔