حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کی مرکزی کمیٹی کے رکن محمد اکرم آرائیں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ سرفراز چاڑی حیدرآباد پرسٹی پلازہ کی چھت پر نصب نجی موبائل کمپی کے دیو ہیکل ٹاور کو فی الفور ہٹایا جائے، اس کی شعاعوں سے علاقہ مکینوں میں مختلف بیماریاں جنم لے رہی ہیں اور ٹاور کے گرنے سے سیکڑوں انسانی جانوں کے ضائع ہونے کا اندیشہ ہے۔ یہ مطالبہ انہوں نے علاقہ مکینوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ ٹاور تقریباً 120 ٹن وزنی ہے اور پلازہ کی چھت اتنا وزن برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتی، ساری عمارت لرزنے لگی ہے جبکہ اس سے مضر صحت شعاعیں خارج ہوتی ہیں، ان سے علاقہ مکینوں خصوصاً معصوم بچوں کی صحت بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ محمد اکرم نے وفد کو یقین دلایا کہ موجودہ حکومت نے عوام کے جائز مسائل کو حل کرانے اور زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے صدر پاکستان، وزیر اعظم، گورنر سندھ ودیگر حکام سے فوری طور پر سٹی پلازہ کی چھت پر نصب یہ دیوہیکل ٹاور کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔