حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) اسلامی جمعیت طلبہ حیدر آباد کے تحت یکجہتی کشمیر مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کے ناظم اسد علی قریشی‘ ضلعی ناظم سعد احسن قاضی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کی قربانیاں جلد رنگ لائیں گی تحریک آزادی فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے جو بھارت کے ٹکڑے ہونے پر ہی ختم ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا دیکھ چکی ہے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم حیدر فاروق کی پکار پر لیبک کہتے ہوئے کارکنان جمعیت کو ہر لمحہ تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر میں اس وقت کربلا برپا ہے مشکل کی اس گھڑی میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جموں وکشمیر میں امن فوج بھیجی جائے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو مصالحتی پالیسی ترک کرکے آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی مظلوم بہنیں ہمیں پکار کررہی ہیں اگر آج ہم ان کی مدد کو نہیں پہنچے تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ اس موقع پر طلبہ نے بھارت کیخلاف نعرے بازی کی، مظاہرے میں کالجز اور اسکولوں کے طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔